YouVersion Logo
تلاش

لُوقا 26:23-46

لُوقا 26:23-46 UCV

جَب فَوجی حُضُور عیسیٰ کو لیٔے جا رہے تھے، تو اُنہُوں نے شمعُونؔ کُرینی کو جو اَپنے گاؤں سے آ رہاتھا پکڑ لیا، اَور صلیب اُس پر رکھ دی تاکہ وہ اُسے اُٹھاکر حُضُور عیسیٰ کے پیچھے پیچھے لے چلے۔ لوگوں کا ایک بڑا ہُجوم آپ کے پیچھے ہو لیا، اَور ہُجوم میں کیٔی عورتیں بھی تھیں جو آپ کے لیٔے نوحہ اَور ماتم کر رہی تھیں۔ حُضُور عیسیٰ نے مُڑ کر اُن سے کہا، ”اَے یروشلیمؔ کی بیٹیوں! میرے لیٔے مت روؤ؛ بَلکہ اَپنے لیٔے اَور اَپنے بچّوں کے لیٔے روؤ۔ کیونکہ وہ دِن آنے والے ہیں جَب تُم یہ کہوگی، ’کہ وہ بانجھ عورتیں مُبارک ہیں جِن کے رحم بچّوں سے خالی رہے، اَور جِن کی چھاتِیوں نے دُودھ نہیں پِلایا!‘ تَب ” ’وہ پہاڑوں سے کہیں گے، ”ہم پر گِر پڑو!“ اَور ٹیلوں سے، ”کہ ہمیں چھُپا لو!“ ‘ کیونکہ، جَب لوگ ہرے درخت کے ساتھ اَیساسُلُوک کرتے ہیں، تو پھر سوکھے درخت کے ساتھ کیا کریں گے؟“ دو اَور مُجرم آدمی بھی تھے جنہیں حُضُور عیسیٰ کے ساتھ لے جایا جا رہاتھا، تاکہ اُنہیں بھی قتل کیا جائے۔ جَب وہ سَب کھوپڑی نامی جگہ پر پہُنچے، تو وہاں اُنہُوں نے حُضُور عیسیٰ کو دو مُجرموں کے درمیان ایک کو آپ کے دائیں طرف، اَور دُوسرے کو بائیں طرف مصلُوب کیا۔ حُضُور عیسیٰ نے دعا کی، ”اَے باپ، اِنہیں مُعاف کر، کیونکہ یہ نہیں جانتے کہ کیا کر رہے ہیں۔“ اَور اُنہُوں نے آپ کے کپڑوں پر قُرعہ ڈال کر آپَس میں تقسیم کر لیا۔ لوگ کھڑے کھڑے یہ سَب کُچھ دیکھ رہے تھے اَور رہنما لوگ بھی حُضُور پر طَعنہ کستے تھے اَور کہتے تھے، ”اِس نے اَوروں کو بچایا؛ اگر یہ خُدا کا المسیؔح، جو برگُزیدہ ہے تو اَپنے آپ کو بچالے۔“ سپاہیوں نے بھی آکر آپ کی ہنسی اُڑائی اَور پینے کے لیٔے آپ کو سرکہ دیا۔ اَور کہا، ”اگر تو یہُودیوں کا بادشاہ ہے، تو اَپنے آپ کو بچالے۔“ حُضُور کے سَر کے اُوپر ایک نوشتہ بھی لگایا گیا تھا کہ یہ: یہُودیوں کا بادشاہ ہے۔ دو مُجرم جو مصلُوب کیٔے گیٔے تھے، اُن میں سے ایک نے حُضُور عیسیٰ کو لَعن طَعن کرتے ہویٔے کہا: ”اگر تو المسیؔح ہے؟ تُو اَپنے آپ کو اَور ہمیں بچا!“ لیکن دُوسرے نے اُسے ڈانٹا اَور کہا، ”کیا تُجھے خُدا کا خوف نہیں حالانکہ تو خُود بھی وُہی سزا پا رہا ہے! ہم تو اَپنے جرائم کی وجہ سے سزا پا رہے ہیں، اَور ہمارا قتل کیاجانا واجِب ہے لیکن اِس اِنسان نے کویٔی غلط کام نہیں کیا ہے۔“ تَب اُس نے کہا، ”اَے حُضُور عیسیٰ! جَب آپ اَپنی بادشاہی میں آئیں تو مُجھے یاد کرنا۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُسے جَواب دیا، ”میں تُجھے یقین دلاتا ہُوں کہ تو آج ہی میرے ساتھ فِردَوس میں ہوگا۔“ تقریباً دوپہر کا وقت تھا، کہ چاروں طرف اَندھیرا چھا گیا اَور تین بجے تک پُورے مُلک کی یہی حالت رہی۔ سُورج تاریک ہو گیا اَور بیت المُقدّس کا پردہ پھٹ کردو ٹکڑے ہو گیا اَور حُضُور عیسیٰ نے اُونچی آواز سے پُکار کر کہا، ”اَے باپ! میں اَپنی جان تمہارے ہاتھوں میں سونپتا ہُوں“ اَور یہ کہہ کر دَم توڑ دیا۔

پڑھیں لُوقا 23

سنیں لُوقا 23

اس لُوقا 26:23-46 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام