اُس جگہ پہُنچ کر آپ نے اُن سے فرمایا، ”دعا کرو تاکہ تُم آزمائش میں نہ پڑو۔“ پھر حُضُور عیسیٰ اُنہیں چھوڑکر کُچھ آگے چلے گئے، تقریباً اتنے فاصلہ پر جِتنی دُوری تک پتّھر پھینکا جا سَکتا ہے۔ وہاں وہ جُھک کر یُوں دعا کرنے لگے، ”اَے باپ، اگر آپ کی مرضی ہو؛ تو اِس پیالے کو مُجھ سے ہٹا لے لیکن پھر بھی میری مرضی نہیں بَلکہ تیری مرضی پُوری ہو۔“ اَور آسمان سے ایک فرشتہ اُن پر ظاہر ہُوا جو اُنہیں تقویّت دیتا تھا۔ پھر وہ سخت درد و کرب میں مُبتلا ہوکر اَور بھی دل سوزی سے دعا کرنے لگے اَور اُن کا پسیِنہ خُون کی بُوندوں کی مانِند زمین پر ٹپکنے لگا۔ جَب وہ دعا سے فارغ ہوکر کھڑے ہویٔے، اَور شاگردوں کے پاس واپس آئے، تو اُنہیں اُداسی کے سبب، سوتے پایا۔ اَور اُن سے پُوچھا، ”تُم کیوں سو رہے؟ اُٹھ کر دعا کرو تاکہ تُم آزمائش میں نہ پڑو۔“ ابھی حُضُور عیسیٰ یہ بات کہہ ہی رہے تھے کہ ایک ہُجوم پہنچا، اَور اُن بَارہ میں سے ایک، جِس کا نام یہُوداؔہ تھا، اُن کے آگے آگے چَلا آ رہاتھا۔ وہ حُضُور عیسیٰ کو بوسہ سے سلام کرنے کے لیٔے آگے آیا۔ لیکن حُضُور عیسیٰ نے اُس سے کہا، ”یہُوداؔہ، کیا تو ایک بوسہ سے اِبن آدمؔ کو پکڑواتا ہے؟“ جَب حُضُور عیسیٰ کے ساتھیوں نے یہ ماجرا دیکھا تو کہا، ”اَے خُداوؔند، کیا ہم تلوار چلائیں؟“ اَور اُن میں سے ایک نے اعلیٰ کاہِنؔ کے خادِم پر تلوار چَلا کر، اُس کا دایاں کان اُڑا دیا۔ ”بس کرو! بہت ہو چُکا“ اِس پر حُضُور عیسیٰ نے کہا، اَور آپ نے اُس کے کان کو چھُو کر اَچھّا کر دیا۔ تَب حُضُور عیسیٰ نے اہم کاہِنؔوں، بیت المُقدّس کے سپاہیوں، اَور بُزرگوں سے جو آپ کو گِرفتار کرنے آئےتھے، سے کہا، ”کیاتُم تلواریں اَور لاٹھیاں لے کر کسی بغاوت کرنے والے کو پکڑنے نکلے ہو؟ جَب میں ہر روز بیت المُقدّس کے صحنوں میں تمہارے ساتھ ہوتا تھا، تو تُم نے مُجھ پر ہاتھ نہ ڈالا لیکن یہ تمہارے اَور تاریکی کے اِختیّار کا وقت ہے۔“ تَب اُنہُوں نے حُضُور عیسیٰ کو گِرفتار کر لیا اَور اُنہیں وہاں سے اعلیٰ کاہِنؔ کے گھر میں لے گیٔے۔ پطرس بھی کُچھ فاصلہ پر رہ کر اُن کے پیچھے پیچھے ہو لیا۔ اَور جَب کُچھ لوگ صحن کے بیچ میں آگ جَلا کر ایک ساتھ بَیٹھے ہویٔے تھے تو پطرس بھی اُن کے ساتھ بَیٹھ گیا۔ اَور ایک کنیز نے اُسے آگ کے پاس بیَٹھا دیکھ کر پطرس کو پہچانتے ہویٔے کہا، ”کہ یہ آدمی بھی حُضُور عیسیٰ کے ساتھ تھا۔“ مگر پطرس نے اِنکار کرکے کہا، ”اَے عورت میں اُسے نہیں جانتا۔“ تھوڑی دیر بعد کسی اَور نے اُسے دیکھ کر کہا، ”تُو بھی اُن ہی میں سے ایک ہے۔“ پطرس نے کہا، ”نہیں بھایٔی، میں نہیں ہُوں!“ تقریباً ایک گھنٹہ بعد کسی اَور نے بَڑے یقین سے کہا، ”یہ آدمی بِلا شک اُن کے ساتھ تھا، کیونکہ یہ بھی تو گلِیلی ہے۔“ لیکن پطرس نے کہا، ”جَناب، میں نہیں جانتا کہ تُم کیا بول رہے ہو!“ وہ ابھی کہہ ہی رہاتھا کہ مُرغ نے بانگ دے دی۔ اَور خُداوؔند نے مُڑ کر پطرس کو سیدھے دیکھا اَور پطرس کو خُداوؔند کی وہ بات یاد آئی جو آپ نے پطرس سے کہی تھی: ”آج مُرغ کے بانگ دینے سے پہلے، تُو تین بار میرا اِنکار کرے گا۔“ اَور وہ باہر جا کر زار زار رُویا۔ جو آدمی حُضُور عیسیٰ کو اَپنے قبضہ میں لیٔے ہوئے تھے، آپ کی ہنسی اُڑانے اَور پیٹنے لگے۔ اُنہُوں نے آپ کی آنکھوں پر پٹّی باندھ کر پُوچھا، ”نبُوّت کر! کہ تُجھے کِس نے مارا؟“ اَور اُنہُوں نے آپ کو بہت سِی گالِیاں بھی دیں۔
پڑھیں لُوقا 22
سنیں لُوقا 22
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: لُوقا 40:22-65
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos