جَب وہ بیت فگے اَور بیت عنیّاہ کے پاس پہُنچے جو کوہِ زَیتُون پر آباد ہَیں، تو حُضُور عیسیٰ نے اَپنے دو شاگردوں کو یہ کہہ کر آگے بھیجا، ”سامنے والے گاؤں میں جاؤ، وہاں داخل ہوتے ہی تُم ایک گدھی کا جَوان بچّہ بندھا ہُوا پاؤگے، جِس پر اَب تک کسی نے سواری نہیں کی ہے۔ اُسے کھول کر یہاں لے آؤ۔ اَور اگر کویٔی تُم سے پُوچھے، ’کہ اِسے کیوں کھول رہے ہو تو کہنا کہ خُداوؔند کو اِس کی ضروُرت ہے۔‘ “ آگے بھیجے جانے وَالوں نے جا کر جَیسا حُضُور عیسیٰ نے اُن سے کہاتھا وَیسا ہی پایا۔ جَب وہ گدھی کے بچّے کو کھول رہے تھے، تو اُس کے مالکوں نے اُن سے پُوچھا، ”اِس بچّے کو کیوں کھول رہے ہو؟“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”خُداوؔند کو اِس کی ضروُرت ہے۔“ پس وہ اُسے حُضُور عیسیٰ کے پاس لایٔے اَور اُس گدھے کے بچّے پر اَپنے کپڑے ڈال کر حُضُور عیسیٰ کو اُس پر سوار کر دیا۔ جَب حُضُور عیسیٰ جا رہے تھے تو لوگوں نے راستے میں اَپنے کپڑے بچھا دئیے۔ جَب وہ اُس مقام کے نَزدیک پہُنچے جہاں سڑک کوہِ زَیتُون سے نیچے کی طرف جاتی ہے، تو شاگردوں کی ساری جماعت اُن سارے معجزوں کی وجہ سے جو اُنہُوں نے دیکھے تھے، خُوش ہوکر اُونچی آواز سے خُدا کی تمجید یہ کہکر کرنے لگی: ”مُبارک ہے وہ بادشاہ جو خُداوؔند کے نام سے آتا ہے!“ ”آسمان پر صُلح اَور عالمِ بالا پر جلال!“ ہُجوم میں بعض فرِیسی بھی تھے، وہ حُضُور عیسیٰ سے کہنے لگے، ”اَے اُستاد، اَپنے شاگردوں کو ڈانٹئے کہ وہ چُپ رہیں!“ حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں جَواب دیا، ”میں تُم سے کہتا ہُوں کہ اگر یہ خاموش ہو جایٔیں گے تو پتّھر چِلّانے لگیں گے۔“ جَب حُضُور عیسیٰ یروشلیمؔ کے نَزدیک پہُنچے اَور شہر کو دیکھا تو رو پڑے۔ وہ کہنے لگے، ”کاش کہ تُو، اِسی دِن اَپنی سلامتی سے تعلّق رکھنے والی باتوں کو جان لیتی! لیکن اَب یہ بات تیری آنکھوں سے اوجھل ہو گئی ہے۔ تُجھے وہ دِن دیکھنے پڑیں گے جَب تیرے دُشمن تیرے خِلاف مورچہ باندھ کر تُجھے چاروں طرف سے گھیر لیں گے اَور تُجھ پر چڑھ آئیں گے۔ اَور تُجھے اَور تیرے بچّوں کو تیری پناہ میں ہیں زمین پر پٹک دیں گے اَور کسی پتّھر پر پتّھر باقی نہ رہنے دیں گے، اِس لیٔے کہ تُونے اُس وقت کو نہ پہچانا جَب تُجھ پر خُدا کی نظر پڑی تھی۔“ تَب حُضُور عیسیٰ بیت المُقدّس کے صحنوں میں داخل ہویٔے اَور وہاں سے خریدو فروخت کرنے وَالوں کو باہر نکالنے لگے۔ حُضُور عیسیٰ نے اُن سے کہا، ”لِکھّا ہے، ’میرا گھر دعا کا گھر‘ کہلائے گا؛ مگر تُم نے ’اُسے ڈاکوؤں کا اڈّا بنا رکھا ہے۔‘“ حُضُور عیسیٰ ہر روز بیت المُقدّس میں تعلیم دیتے تھے مگر اعلیٰ کاہِنؔ، شَریعت کے عالِم اَور یہُودی بُزرگ آپ کو ہلاک کرنے کی کوشش میں لگے ہویٔے تھے۔ لیکن اُنہیں اَیسا کرنے کا موقع نہیں ملتا تھا کیونکہ سارے لوگ حُضُور عیسیٰ کی باتیں سُننے کے لیٔے اُنہیں گھیرے رہتے تھے۔
پڑھیں لُوقا 19
سنیں لُوقا 19
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: لُوقا 29:19-48
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos