YouVersion Logo
تلاش

لُوقا 1:15-10

لُوقا 1:15-10 UCV

بہت سے محصُول لینے والے اَور گنہگار لوگ حُضُور عیسیٰ کے پاس اُن کا کلام سُننے جمع ہو رہے تھے۔ لیکن فرِیسی اَور شَریعت کے عالِم بتانے لگے، ”یہ آدمی گنہگاروں سے میل جول رکھتا ہے اَور اُن کے ساتھ کھاتا پیتا بھی ہے۔“ تَب حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں یہ تمثیل سُنایٔی: ”فرض کرو کہ تُم میں سے کسی کے پاس سَو بھیڑیں ہوں اَور اُن میں سے ایک کھو جائے۔ تو وہ کیا باقی نِناوے بھیڑوں کو بیابان میں چھوڑکر اُس کھوئی ہُوئی بھیڑ کو جَب تک مِل نہ جائے تلاش نہ کرتا رہے گا؟ اَور جَب وہ مِل جاتی ہے تو خُوشی سے اَپنے کندھوں پر اُٹھا لیتا ہے اَور گھرجاکر۔ اَپنے دوستوں اَور پڑوسیوں کو جمع کرتا ہے اَور کہتاہے، ’میرے ساتھ مِل کر خُوشی مناؤ کیونکہ میری کھوئی ہویٔی بھیڑ مِل گئی ہے۔‘ میں تُم سے کہتا ہُوں کہ اِسی طرح سے ایک تَوبہ کرنے والے گنہگار کے باعث آسمان پر زِیادہ خُوشی منائی جائے گی لیکن نِناوے اَیسے راستبازوں کی نِسبَت خُوشی نہیں منائی جائے گی جو سوچتے ہَیں کہ اُنہیں تَوبہ کرنے کی ضروُرت نہیں ہے۔ ”یا فرض کرو کہ کسی عورت کے پاس چاندی کے دس سکّے ہوں اَور ایک کھو جائے تو کیا وہ چراغ جَلا کر، گھر میں جھاڑو نہ لگاتی رہے گی اَور جَب تک مِل نہ جائے اُسے ڈُھونڈتی نہ رہے گی؟ اَور ڈُھونڈ لینے کے بعد وہ اَپنی سہیلیوں اَور پڑوسیوں کو ساتھ بُلاکر یہ نہ کہےگی، ’میرے ساتھ مِل کر خُوشی مناؤ کیونکہ میں نے اَپنا کھویا ہُوا چاندی کا سِکّہ پا لیا ہے۔‘ پس میں تُم سے کہتا ہُوں کہ اِسی طرح ایک گنہگار کے تَوبہ کرنے پر بھی خُدا کے فرشتوں کے درمیان خُوشی منائی جاتی ہے۔“

پڑھیں لُوقا 15