تَب ایُّوب نے یَاہوِہ کو جَواب دیا: ”میں ناچیز ہُوں۔ مَیں آپ کو کیسے جَواب دُوں؟ میں اَپنا ہاتھ اَپنے مُنہ پر رکھتا ہُوں۔ میں ایک بار بول چُکا ہُوں لیکن مُجھے جَواب نہیں مِلا بَلکہ دو بار، پر اَب اَور نہ بولُوں گا۔“ تَب یَاہوِہ نے ایُّوب کو بگولے میں سے جَواب دیا: ”مَرد کی مانند اَپنی کمر باندھو؛ میں تُم سے سوال کروں گا، اَور تُم مُجھے جَواب دوگے۔ ”کیا، تُم میرے اِنصاف کو باطِل ٹھہراؤگے؟ خُود کو راست ٹھہرانے کے لیٔے کیا تُم مُجھے مُلزم قرار دوگے؟ کیا تمہارا بازو خُدا کا سا ہے اَور کیا، تُم اُن کی آواز کی طرح گرج سکتے ہو؟ خُود کو جلال اَور شوکت سے آراستہ کرو، اَور حشمت اَور جلال سے ملبوس ہو جاؤ۔ اَپنے قہر کا سیلاب بہا دو، ہر مغروُر اِنسان کو دیکھو اَور اُسے نیچا دِکھاؤ۔ ہر مغروُر اِنسان پر نظر ڈالو اَور اُسے فروتن کرو، بدکار جہاں کھڑے ہُوں وہیں اُنہیں پامال کر دو۔ اُن سَب کو ایک ساتھ مٹّی میں دفن کر دو؛ اُن کے چہروں کو قبر میں کفن سے ڈھانک دو۔ تَب میں خُود قائل ہو جاؤں گا، کہ تمہارا اَپنا داہنا ہاتھ تُمہیں بچا سَکتا ہے۔ ”دریائی گھوڑے کو دیکھو جسے مَیں نے تمہارے ساتھ ساتھ بنایا، جو بَیل کی طرح گھاس کھاتا ہے۔ اُس کا زور اُس کی کمر میں ہے، اَور اُس کے پیٹ کے پٹھّے کس قدر مضبُوط ہیں! اُس کی دُم دیودار کی طرح ہلتی ہے اُس کی رانوں کی نسیں باہم مربوط ہیں؛ اُس کی ہڈّیاں کانسے کی نلیوں کی طرح، اَور اُس کے اَعضا لوہے کی سلاخوں کی مانند ہیں۔ وہ خُدا کی تخلیق کا شاہکار ہے، پھر بھی اُس کا خالق تلوار لے کر ہی اُس کے پاس آسکتا ہے۔ پہاڑیاں اُس کے لیٔے چارا لاتی ہیں، جہاں تمام جنگلی جانور آس پاس کھیلتے کودتے ہیں۔ کنول کے پَودوں کے نیچے وہ لیٹتا ہے، اَور دلدل کے سَرکنڈوں کی آڑ میں چھُپا رہتاہے۔ کنول اَپنی چھاؤں میں اُسے چھُپا لیتے ہیں؛ دریا کے بید کے درخت اُسے گھیر لیتے ہیں۔ اگر دریا میں باڑھ بھی ہو تو وہ نہیں گھبراتا؛ خواہ دریائے یردنؔ اُس کے مُنہ تک چڑھ آئے وہ محفوظ رہتاہے۔ کیا کویٔی اُسے جَب وہ ہوشیار ہو تو پکڑ سَکتا ہے، یا پھندا لگا کر اُس کی ناک چھید کر نتھ پہنا سَکتا ہے؟
پڑھیں ایُّوب 40
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: ایُّوب 3:40-24
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos