جَب یِسوعؔ یہ سَب کہہ چُکے، تو آپ نے آسمان کی طرف آنکھیں اُٹھاکر یہ دعا کی: ”اَے باپ، اَب وقت آ گیا ہے۔ اَپنے بیٹے کو جلال بخشئے، تاکہ بیٹا آپ کا جلال ظاہر کرے۔ کیونکہ آپ نے اُسے تمام اِنسانوں پر اِختیار بخشا ہے تاکہ وہ اُن سَب کو اَبدی زندگی عطا کرے جو آپ نے اُس کے سُپرد کی ہے۔ اَبدی زندگی یہ ہے کہ وہ آپ کو حقیقی سچّا خُدا جانیں، اَور یِسوعؔ المسیح کو بھی جانیں جسے آپ نے بھیجا ہے۔ مَیں نے اِس کام کو جو آپ نے میرے سُپرد کیا تھا اُس کام کو اَنجام دے کر مَیں نے زمین پر آپ کا جلال ظاہر کیا۔ اَور اَب، اَے باپ، آپ مُجھے اَپنی حُضُوری میں اُسی جلال سے جلالی بنا دیں جو جلال میرا آپ کے ساتھ میں دُنیا کی تخلیق ہونے سے پہلے تھا۔ ”مَیں نے آپ کو اُن لوگوں پر ظاہر کیا جنہیں آپ نے دُنیا میں سے چُن کر میری سپردگی میں دیا تھا۔ وہ آپ کے لوگ تھے؛ آپ نے اُنہیں میرے سُپرد کیا تھا اَور اُنہُوں نے آپ کے کلام پر عَمل کیا ہے۔ اَب وہ جانتے ہیں کہ جو کُچھ آپ نے مُجھے دیا ہے وہ سَب آپ ہی کی طرف سے ہے۔ اِس لیٔے جو پیغام آپ نے مُجھے دیا، مَیں نے اُن تک پہُنچا دیا اَور اُنہُوں نے اُسے قبُول کیا اَور وہ اِس حقیقت سے واقف ہو گئے کہ مَیں آپ کی طرف سے آیا ہُوں اَور اُن کا ایمان ہے کہ مُجھے آپ ہی نے بھیجا ہے۔ میں اُن کے لیٔے دعا کرتا ہُوں۔ میں دُنیا کے لیٔے دعا نہیں کرتا بَلکہ اُن کے لیٔے جنہیں آپ نے مُجھے دیا ہے، کیونکہ وہ آپ کے ہیں۔ میرا سَب کُچھ آپ کا ہے اَورجو آپ کا ہے، وہ سَب میرا ہے۔ اَور اُن کے وسیلے سے مُجھے جلال مِلا۔ میں اَب اَور دُنیا میں نہیں رہُوں گا، لیکن وہ تمام ابھی دُنیا میں ہیں اَور مَیں آپ کے پاس آ رہا ہُوں۔ اَے قُدُّوس باپ، اَپنے اُس نام کی قُدرت سے جو آپ نے مُجھے دیا ہے اِنہیں محفوظ رکھئے تاکہ وہ ایک ہُوں جَیسے ہم ایک ہیں۔ جَب مَیں اُن کے ساتھ تھا، مَیں نے اُن کو محفوظ رکھا اَور اُنہیں آپ کے دئیے ہویٔے نام کے ذریعہ بچائے رکھا۔ اُن میں سے کویٔی ہلاک نہیں ہُوا سِوائے اُس کے جو ہلاکت کے لیٔے ہی پیدا ہُوا تھا تاکہ کِتاب مُقدّس کا لِکھّا پُورا ہو۔
پڑھیں یُوحنّا 17
سنیں یُوحنّا 17
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: یُوحنّا 1:17-12
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos