YouVersion Logo
تلاش

یُوحنّا 10:13-27

یُوحنّا 10:13-27 UCV

حُضُور عیسیٰ نے پطرس سے فرمایا، ”جو شخص غُسل کر چُکاہے اُسے صِرف پاؤں دھونے کی ضروُرت ہوتی ہے؛ اُس کا سارا جِسم تو پاک ہوتاہے۔ تُم لوگ پاک ہو لیکن سَب کے سَب نہیں۔“ حُضُور عیسیٰ کو مَعلُوم تھا کہ کون اُنہیں پکڑوائے گا۔ اِسی لیٔے آپ نے فرمایا، تُم سَب کے سَب پاک نہیں ہو۔ جَب وہ اُن کے پاؤں دھو چُکے، تو اَپنا چوغہ پہن کر اَپنی جگہ آبیٹھے۔ تَب آپ نے اُن سے پُوچھا، ”میں نے تمہارے ساتھ جو کُچھ کیا، کیاتُم اِس کا مطلب سمجھتے ہو؟ تُم مُجھے ’اُستاد‘ اَور ’خُداوؔند،‘ کہتے ہو، اَور تمہارا کہنا بجا ہے، کیونکہ میں واقعی تمہارا اُستاد اَور خُداوؔند ہُوں۔ جَب میں نے، یعنی تمہارے اُستاد اَور خُداوؔند، نے تمہارے پاؤں دھوئے، تو تمہارا بھی فرض ہے کہ ایک دُوسرے کے پاؤں دھویا کرو۔ میں نے تُمہیں ایک نمونہ دیا ہے کہ جَیسا میں نے کیاتُم بھی کیا کرو۔ میں تُم سے سچ سچ کہتا ہُوں، کویٔی خادِم اَپنے آقا سے بڑا نہیں ہوتا، نہ ہی کویٔی قاصِد اَپنے پیغام بھیجنے والے سے بڑا ہوتاہے۔ تُم اِن باتوں کو جان گیٔے ہو، اِن باتوں پر عَمل بھی کرو گے تو تُم مُبارک ہو گے۔ ”میرا اِشارہ تُم سَب کی طرف نہیں ہے؛ جنہیں میں نے چُناہے اُنہیں میں جانتا ہُوں۔ لیکن کِتاب مُقدّس کی اِس بات کا پُورا ہونا ضروُری ہے: ’جو میری روٹی کھاتا ہے وُہی مُجھ پر لات اُٹھاتا ہے۔‘ ”اِس سے پہلے کہ اَیسا ہو، میں تُمہیں بتا رہا ہُوں، تاکہ جَب اَیسا ہو جائے تو تُم ایمان رکھو کہ وہ میں ہی ہُوں۔ میں تُم سے سچ سچ کہتا ہُوں، جو میرے بھیجے ہویٔے کو قبُول کرتا ہے وہ مُجھے قبُول کرتا ہے؛ اَورجو مُجھے قبُول کرتا ہے وہ میرے بھیجنے والے کو قبُول کرتا ہے۔“ اُن باتوں کے بعد، حُضُور عیسیٰ اَپنے دل میں نہایت ہی رَنجیدہ ہوئے اَور یہ گواہی دی، ”میں تُم سے سچ سچ کہتا ہُوں کہ تُم میں سے، ایک مُجھے پکڑوائے گا۔“ اُن کے شاگرد ایک دُوسرے کو شُبہ کی نظر سے دیکھنے لگے، کیونکہ اُنہیں مَعلُوم نہ تھا کہ اُن کا اِشارہ کِس کی طرف ہے۔ اُن میں سے ایک، شاگرد جِس سے حُضُور عیسیٰ مَحَبّت رکھتے تھے، دسترخوان پر اُن کے نَزدیک ہی جھُکا بیَٹھا تھا۔ شمعُونؔ پطرس نے اُس شاگرد سے اِشاروں میں پُوچھا، ”حُضُور عیسیٰ کِس کے بارے میں کہہ رہے ہیں۔“ اُن شاگرد نے حُضُور عیسیٰ کی طرف جُھک کر، آپ سے پُوچھا، ”اَے خُداوؔند، وہ کون ہے؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”جسے میں نوالہ ڈُبو کردُوں گا وُہی ہے۔“ تَب، آپ نے نوالہ ڈُبو کر، شمعُونؔ اِسکریوتی کے بیٹے یہُوداؔہ، کو دیا۔ اَور اُس نوالہ کے بعد، شیطان یہُوداؔہ اِسکریوتی میں سما گیا۔ تَب حُضُور عیسیٰ نے یہُوداؔہ اِسکریوتی سے فرمایا، ”جو کُچھ تُجھے کرناہے، جلدی کر لے۔“

پڑھیں یُوحنّا 13

اس یُوحنّا 10:13-27 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام