اگرچہ یِسوعؔ نے اُن کے درمیان اِتنے معجزے دِکھائے تھے پھر بھی وہ اُن پر ایمان نہ لایٔے تاکہ یَشعیاہ نبی کا قول پُورا ہو: ”اَے خُداوؔند، ہمارے پیغام پر کون ایمان لایا اَور خُداوؔند کے بازو کی قُوّت کِس پر ظاہر ہویٔی؟“ یہی وجہ تھی کہ وہ ایمان نہ لا سکے۔ یَشعیاہ ایک اَور جگہ کہتے ہیں: ”خُدا نے اُن کی آنکھوں کو اَندھا اَور دِلوں کو سخت کر دیا ہے، تاکہ اَیسا نہ ہو کہ اَپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں، اَور اَپنے دِلوں سے سمجھ سکیں، اَور تَوبہ کریں کہ میں اُنہیں شفا بخشوں۔“ یَشعیاہ نے یہ اِس لیٔے کہا کیونکہ یَشعیاہ نے خُداوؔند کا جلال دیکھا تھا اَور اُن کے بارے میں کلام بھی کیا۔ اِس کے باوُجُود بھی یہُودیوں کے کیٔی رہنما اُن پر ایمان تو لے آئے۔ لیکن وہ فریسیوں کی وجہ سے اَپنے ایمان کا اقرار نہ کرتے تھے کیونکہ اُنہیں خوف تھا کہ وہ یہُودی عبادت گاہ سے خارج کر دیئے جایٔیں گے؛ دراصل وہ خُدا کی طرف سے عزّت پانے کی بجائے اِنسانوں کی طرف سے عزّت پانے کے زِیادہ مُتلاشی تھے۔ تَب یِسوعؔ نے پُکار کر کہا، ”جو کویٔی مُجھ پر ایمان لاتا ہے، وہ نہ صِرف مُجھ پر بَلکہ میرے بھیجنے والے پر بھی ایمان لاتا ہے۔ اَور جَب وہ مُجھ پر نظر ڈالتا ہے تو میرے بھیجنے والے کو دیکھتا ہے۔ میں دُنیا میں نُور بَن کر آیا ہُوں تاکہ جو مُجھ پر ایمان لایٔے وہ تاریکی میں نہ رہے۔ ”اگر کویٔی میری باتیں سُنتا ہے اَور اُن پر عَمل نہیں کرتا تو میں اُسے مُجرم نہیں ٹھہراتا کیونکہ مَیں دُنیا کو مُجرم ٹھہرانے نہیں آیا بَلکہ نَجات دینے آیا ہُوں۔ جو مُجھے ردّ کرتا ہے اَور میری باتیں قبُول نہیں کرتا اُس کا اِنصاف کرنے والا ایک ہے یعنی میرا کلام جو آخِری دِن اُسے مُجرم ٹھہرائے گا۔ کیونکہ مَیں نے اَپنی طرف سے کُچھ نہیں کہا بَلکہ آسمانی باپ جِس نے مُجھے بھیجا ہے اُن ہی نے مُجھے سَب کچھ کہنے کا حُکم دیا ہے۔ میں جانتا ہُوں کہ اُن کا حُکم بجا لانا اَبدی زندگی کی طرف لے جاتا ہے۔ لہٰذا میں وُہی کہتا ہُوں جِس کے کہنے کا حُکم مُجھے باپ نے دیا ہے۔“
پڑھیں یُوحنّا 12
سنیں یُوحنّا 12
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: یُوحنّا 37:12-50
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos