YouVersion Logo
تلاش

یُوحنّا 1:1-17

یُوحنّا 1:1-17 UCV

اِبتدا میں کلام تھا اَور کلام خُدا کے ساتھ تھا اَور کلام خُدا ہی تھا۔ کلام اِبتدا سے ہی خُدا کے ساتھ تھا۔ سَب چیزیں کلام کے وسیلہ سے ہی پیدا کی گئیں؛ اَور کویٔی بھی چیز اَیسی نہیں جو کلام کے بغیر وُجُود میں آئی ہو۔ کلام میں زندگی تھی اَور وہ زندگی سَب آدمیوں کا نُور تھی۔ نُور تاریکی میں چمکتا ہے، اَور تاریکی اُسے کبھی مغلُوب نہیں کر سکتی۔ خُدا نے ایک شخص کو بھیجا جِن کا نام حضرت یحییٰ تھا۔ وہ اِس لیٔے آئے کہ اُس نُور کی گواہی دیں، تاکہ سَب لوگ حضرت یحییٰ کے ذریعہ سے ایمان لائیں۔ وہ خُود تو نُورنہ تھے؛ مگر نُور کی گواہی دینے کے لیٔے آئےتھے۔ حقیقی نُور جو ہر اِنسان کو رَوشن کرتا ہے، دُنیا میں آنے والا تھا۔ وہ دُنیا میں تھے اَور حالانکہ دُنیا اُنہیں کے وسیلہ سے پیدا ہویٔی پھر بھی دُنیا وَالوں نے اُنہیں نہ پہچانا۔ وہ اَپنے لوگوں میں آئے، لیکن اُن کے اَپنوں ہی نے اُنہیں قبُول نہیں کیا۔ لیکن جِتنوں نے اُنہیں قبُول کیا، اُنہُوں نے اُنہیں خُدا کے فرزند ہونے کا حق بَخشا یعنی اُنہیں جو اُن کے نام پر ایمان لایٔے۔ وہ نہ تو خُون سے، نہ جِسمانی خواہش سے اَور نہ اِنسان کے اَپنے اِرادہ سے اَور نہ ہی شوہر کی مرضی سے بَلکہ خُدا سے پیدا ہویٔے ہیں۔ اَور کلام مُجسّم ہُوا اَور ہمارے درمیان فضل اَور سچّائی سے معموُر ہوکر خیمہ زن ہُوا، اَور ہم نے اُن کا اَیسا جلال دیکھا، جو صِرف آسمانی باپ کے اِکلوتے بیٹے کا ہوتاہے۔ (اُن کے بارے میں حضرت یحییٰ نے گواہی دی۔ یحییٰ نے پُکار کر، کہا، ”یہ وُہی ہیں جِس کے حق میں مَیں نے فرمایا تھا، ’وہ جو میرے بعد آنے والے ہیں، مُجھ سے کہیں مُقدّم ہیں کیونکہ وہ مُجھ سے پہلے ہی مَوجُود تھے۔‘ “) وہ فضل سے معموُر ہیں اَور ہم سَب نے اُن کی معموُری میں سے فضل پر فضل حاصل کیا ہے۔ کیونکہ شَریعت تو حضرت مُوسیٰ کی مَعرفت دی گئی؛ مگر فضل اَور سچّائی کی بخشش حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی مَعرفت مِلی۔

پڑھیں یُوحنّا 1

اس یُوحنّا 1:1-17 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام