یرمیاہؔ 1:31-22

یرمیاہؔ 1:31-22 UCV

”اُس وقت،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”میں بنی اِسرائیل کے تمام گھرانوں کا خُدا ہُوں گا اَور وہ میری قوم ہوں گے۔“ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”جو لوگ تلوار کے وار سے بچ نکلیں گے اُن پر بیابان میں بھی فضل ہوگا؛ کیونکہ مَیں بنی اِسرائیل کو آرام دینے کے لیٔے آؤں گا۔“ کچھ عرصہ پہلے یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل سے فرمایا تھا: ”مَیں نے تُم سے اَبدی مَحَبّت رکھی؛ اِس لئے مَیں نے تُم پر اَپنی شفقت بنائے رکھی۔ اَے کنواری بنی اِسرائیل، میں تُمہیں دوبارہ تعمیر کروں گا، اَور تُو تعمیر کی جائے گی۔ تُو پھر اَپنی دف اُٹھاکر آراستہ ہوگی اَور خُوشی منانے والوں کے ساتھ رقص کرنے کو نکل پڑےگی۔ تُو پھر سامریہؔ کی پہاڑیوں پر انگوری باغ لگائے گی؛ کِسان اُنہیں لگائیں گے اَور اُن کا پھل شوق سے کھایٔیں گے۔ کیونکہ ایک دِن اَیسا بھی آئے گا جَب اِفرائیمؔ کی پہاڑیوں پر پہرےدار پُکاریں گے، ’آؤ، ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے پاس، صِیّونؔ کو چلیں۔‘ “ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”یعقوب کے لیٔے خُوشی سے گاؤ؛ اَور قوموں کے سرتاج کے لیٔے للکارو؛ اُونچی آواز میں حَمد کرو اَور اعلان کرو، ’اَے یَاہوِہ اَپنی قوم کے باقی بچے ہُوئے لوگوں کا یعنی بنی اِسرائیل کو نَجات بخشیں۔‘ دیکھو، مَیں اُنہیں شمالی مُلک سے واپس لے آؤں گا اَور زمین کی اِنتہا سے اُنہیں جمع کروں گا؛ اَور اُن میں اَندھے، لنگڑے، حاملہ اَور زچّہ کی درد میں مُبتلا عورتیں بھی شامل ہوں گی؛ ایک بڑا مجمع یہاں لَوٹ آئے گا۔ وہ آنسُو بہاتے ہُوئے آئیں گے؛ جَب مَیں اُنہیں واپس لاؤں گا تو وہ دعا کرتے ہُوئے آئیں گے۔ میں اُنہیں پانی کے دریاؤں کے کنارے کنارے اَور ہموار راستہ سے لاؤں گا جہاں وہ ٹھوکر نہ کھایٔیں گے، کیونکہ مَیں بنی اِسرائیل کا باپ ہُوں، اَور اِفرائیمؔ میرا پہلوٹھا بیٹا ہے۔ ”اَے مُختلف قوموں! یَاہوِہ کا کلام سُنو؛ اَور دُور کے جزیروں میں اُن کی مُنادی کرتے ہُوئے اعلان کرو، ’جنہوں نے بنی اِسرائیل کو پراگندہ کیا وُہی اُسے جمع بھی کریں گے اَور چرواہے کی مانند اَپنے گلّہ کی نگہبانی کریں گے۔‘ کیونکہ یَاہوِہ یعقوب کا فدیہ اَدا کریں گے اَور اُنہیں اُن سے بھی زورآور لوگوں کے ہاتھوں سے رِہائی بخشیں گے۔ وہ آکر صِیّونؔ کی پہاڑیوں پر خُوشی سے للکاریں گے؛ اَور یَاہوِہ کی نِعمتیں پا کر مسرُور ہوں گے۔ یعنی اناج، نئی مَے، تیل، اَور گائے بَیل اَور بھیڑ بکریوں کے بچّے۔ وہ ایک سیراب باغ کی مانند ہوں گے، اَور پھر کبھی غمزدہ نہ ہوں گے۔ تَب جَوان خواتین رقص کریں گی اَور شادمان ہوں گی، اَور جَوان اَور ضعیف دونوں ایک ساتھ خُوشی منائیں گے۔ کیونکہ مَیں اُن کے ماتم کو خُوشی میں تبدیل کر دُوں گا؛ اَور اُنہیں غم کی بجائے سکون اَور شادمانی بخشوں گا۔ میں کاہِنوں کی جان کو اِفراط سے مطمئن کروں گا، اَور میری قوم میری عُمدہ نِعمتوں سے سَیر ہوگی،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”رامہؔ شہر میں ایک آواز سُنایٔی دیتی ہے شدید رونے اَور ماتم کی، راخلؔ اَپنے بچّوں کے لیٔے رو رہی ہے اَور تسلّی قبُول نہیں کر رہی، کیونکہ وہ ہلاک ہو چُکے ہیں۔“ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”اَپنی رونے کی آواز کو روک اَور اَپنی آنکھوں کو آنسُو بہانے سے باز رکھ، کیونکہ تُو اَپنی محنت کا اجر پایٔے گی،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”وہ دُشمن کے مُلک سے واپس آئیں گے۔ اِس لیٔے تمہارا مُستقبِل پُر اُمّید ہے،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں۔ ”تمہارے بچّے اَپنے ہی مُلک میں لَوٹ آئیں گے۔ ”مَیں نے اِفرائیمؔ کو واقعی یُوں ماتم کرتے ہُوئے سُنا ہے، ’آپ نے مُجھے ایک اودھم مچانے والے بچھڑے کی مانند تنبیہ دی، اَور مَیں نے اِس سے سبق سیکھا ہے۔ مُجھے بحال کریں اَور مَیں لَوٹ آؤں گا، کیونکہ آپ یَاہوِہ میرے خُدا ہیں۔ بھٹک جانے کے بعد، مَیں نے تَوبہ کی؛ اَور جَب مَیں سمجھ گیا، تو مَیں نے اَپنی چھاتی پیٹی۔ میں شرمندہ اَور پشیمان ہُوا کیونکہ مَیں نے اَپنی جَوانی کی ملامت اُٹھائی تھی۔‘ کیا اِفرائیمؔ میرا پیارا بیٹا نہیں ہے؟ کیا وہ میرا پسندیدہ فرزند نہیں ہے؟ حالانکہ میں اکثر اُس کے خِلاف بولتا ہُوں، پھر بھی اُسے پُورے دِل سے یاد کرتا ہُوں۔ اِس لیٔے میرا دِل اُس کے لیٔے بیتاب رہتاہے؛ اِس لئے میرا دِل اُس کے لئے شفقت سے بھرا ہُواہے۔“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ ”راستہ پر آمدورفت کے سنگِ نِشان کھڑے کرو؛ اَور سمت بتانے والا سُتون نصب کر۔ جو راستہ تُمہیں اِختیار کرناہے، اُس شاہراہ کا جائزہ لو۔ اَے کنواری اِسرائیل، لَوٹ آ، اَپنے شہروں کو لَوٹ آ۔ اَے بےوفا بیٹی اِسرائیل، تو کب تک بھٹکتی رہے گی؟ یَاہوِہ زمین پر نئی چیز پیدا کریں گے۔ یعنی سفر میں عورتیں تمام مَردوں کی حِفاظت کریں گی۔“