پیدائش 3:45-13

پیدائش 3:45-13 UCV

یُوسیفؔ نے اَپنے بھائیوں سے کہا، ”میں یُوسیفؔ ہُوں! کیا میرے باپ اَب تک زندہ ہیں؟“ لیکن اُن کے بھائیوں کے مُنہ سے جَواب میں ایک لفظ بھی نہ نِکلا کیونکہ وہ یُوسیفؔ کے سامنے خوفزدہ ہو گئے تھے۔ تَب یُوسیفؔ نے اَپنے بھائیوں سے کہا، ”میرے قریب آؤ۔“ اَور جَب وہ اُن کے قریب آئے تو یُوسیفؔ نے کہا، ”میں تمہارا بھایٔی یُوسیفؔ ہُوں، جسے تُم نے مِصریوں کے ہاتھ بیچا تھا! اَور میرے یہاں بیچے جانے کے باعث اَب تُم نہ تو اَپنے دِل میں پریشان ہو اَور نہ اَپنے آپ پر خفا ہو؛ کیونکہ خُدا نے مُجھے تُم سے آگے یہاں بھیجا تاکہ میں کیٔی لوگوں کی جانیں بچا سکوں۔ اِس لیٔے کہ اَب دو سال سے مُلک میں قحط پڑا ہُواہے اَور آئندہ پانچ سالوں تک نہ ہل چلیں گے اَور نہ فصل کٹے گی۔ لیکن خُدا نے مُجھے تمہارے آگے بھیجا تاکہ تمہارے وہ لوگ جو باقی بچے ہیں زمین پر سلامت رہیں اَور ایک بڑی نَجات کے وسیلہ سے تمہاری جانیں بچی رہیں۔ ”چنانچہ وہ تُم نہ تھے، بَلکہ خُدا، جِس نے مُجھے یہاں بھیجا۔ اُن ہی نے مُجھے گویا فَرعوہؔ کا باپ، اُس کے سارے گھر کا مختار اَور سارے مُلک مِصر کا حاکم بنا دیا۔ اَب تُم جلد میرے باپ کے پاس جاؤ اَور اُن سے کہنا، ’تمہارا بیٹا یُوسیفؔ یُوں کہتاہے کہ خُدا نے مُجھے سارے مُلک مِصر کا مالک بنا دیا ہے؛ لہٰذا فوراً میرے پاس چلے آؤ۔ آپ لوگ گوشینؔ کے علاقہ میں بس جانا تاکہ تُم اَپنے بیٹے پوتوں اَور اَپنی بھیڑ بکریوں کے گلّوں گائے بَیلوں اَور اَپنے تمام مال و متاع سمیت میرے نزدیک رہ سکو۔ میں وہاں آپ کی پرورِش کا سارا اِنتظام کروں گا، تاکہ آپ اَور آپ کا گھرانہ اَور سارا مال و متاع جو آپ کا ہے غربت کا شِکار نہ ہو کیونکہ قحط کے ابھی پانچ سال اَور باقی ہیں۔‘ ”آپ لوگ خُود اَور میرا بھایٔی بِنیامین بھی اَپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہو کہ واقعی میں ہی تُم سے بات کر رہا ہُوں۔ مُلک مِصر میں مُجھے جِتنا اِعزاز و اِحترام بخشا گیا ہے اَورجو کچھ تُم نے دیکھاہے اُس کا تذکرہ میرے باپ سے کرنا اَور اُنہیں اَپنے ساتھ لے کر جلدی سے میرے پاس چلے آنا۔“