پیدائش 1:4-12

پیدائش 1:4-12 UCV

اَور آدمؔ نے اَپنی بیوی حوّاؔ سے ہمبستری کی اَور وہ حاملہ ہُوئی، اَور حوّاؔ نے قائِنؔ کو پیدا کیا۔ حوّاؔ نے کہا، ”مُجھے یَاہوِہ کی طرف سے ایک فرزند عطا ہُواہے۔“ اُس کے بعد قائِنؔ کے بھایٔی ہابلؔ کو پیدا کیا۔ ہابلؔ بھیڑ بکریوں کا چرواہا تھا، اَور قائِنؔ کھیتی باڑی کرتا تھا۔ کچھ عرصہ کے بعد قائِنؔ زمین کی پیداوار میں سے یَاہوِہ کے لیٔے ہدیہ لایا۔ اَور ہابلؔ بھی اَپنی بھیڑ بکریوں کے چند پہلوٹھے بچّے اَور اُن کی چربی لے آیا، یَاہوِہ نے ہابلؔ اَور اُس کے ہدیہ کو قبُول کیا، لیکن قائِنؔ اَور اُس کے ہدیہ کو منظُور نہیں کیا۔ لہٰذا قائِنؔ نہایت برہم ہُوا اَور اُس کا چہرہ اُتر گیا۔ تَب یَاہوِہ نے قائِنؔ سے فرمایا، ”تُو کیوں برہم ہو گیا اَور تیرا چہرہ کِس لیٔے اُترا ہُواہے؟ اگر تُو بھلا کرے تو کیا تُو مقبُول نہ ہوگا؟ لیکن اگر تُو بھلا نہ کرے، تو گُناہ تیرے دروازہ پر دبکا بیٹھا ہے، اَور تُجھے دبوچ لینا چاہتاہے۔ لیکن تُجھے اُس پر غالب آنا چاہئے۔“ تَب قائِنؔ نے اَپنے بھایٔی ہابلؔ سے کہا، ”چلو ہم کھیت میں چلیں۔“ اَور جَب وہ کھیت میں تھے تو قائِنؔ نے اَپنے بھایٔی ہابلؔ پر حملہ کیا اَور اُسے قتل کر ڈالا۔ تَب یَاہوِہ نے قائِنؔ سے فرمایا، ”تیرا بھایٔی ہابلؔ کہاں ہے؟“ اُس نے کہا، ”مُجھے مَعلُوم نہیں۔ کیا مَیں اَپنے بھایٔی کا نگہبان ہُوں؟“ تَب یَاہوِہ نے فرمایا، ”تُونے یہ کیا کیا؟ تمہارے بھایٔی کا خُون زمین سے مُجھے پُکارتا ہے۔ اَب تُجھ پر لعنت ہے اَور جِس زمین نے تمہارے ہاتھ سے تمہارے بھایٔی کا خُون لینے کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولا تھا، اُس نے تُجھے دھتکار دیا ہے۔ جَب تُو زمین کو جوتے گا، تو وہ تُجھے اَپنی پیداوار نہیں دے گی؛ اَور تُو بےچین ہوکر زمین پر مارا مارا پھرتا رہے گا۔“