جَب راخلؔ نے دیکھا کہ یعقوب سے اُن کے یہاں کویٔی اَولاد نہیں ہو رہی ہے تو وہ اَپنی بہن پر حَسد کرنے لگی۔ چنانچہ اُس نے یعقوب سے کہا، ”مُجھے اَولاد دیجئے ورنہ میں مَر جاؤں گی!“ یعقوب راخلؔ پر خفا ہوکر چِلّائے اَور کہا، ”کیا میں خُدا کی جگہ ہُوں جِس نے تُمہیں اَولاد سے محروم رکھا؟“ تَب راخلؔ نے کہا، ”دیکھو، میری خادِمہ بِلہاہؔ حاضِر ہے، اُس کے پاس جاؤ تاکہ میرے لیٔے اُس سے اَولاد ہو اَور اُس کے ذریعہ میں بھی ایک خاندان قائِم کر سکوں گی۔“ چنانچہ اُس نے اَپنی خادِمہ بِلہاہؔ کو یعقوب کو دیا تاکہ وہ اُس کی بیوی بنے اَور یعقوب اُس کے پاس گئے۔ اَور بِلہاہؔ حاملہ ہُوئی اَور یعقوب سے اُس کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا۔ تَب راخلؔ نے کہا، ”خُدا نے میری لاج رکھی اُس نے میری فریاد سُنی اَور مُجھے بیٹا بخشا۔“ لہٰذا اُس نے اُس کا نام دانؔ رکھا۔ راخلؔ کی خادِمہ بِلہاہؔ پھر حاملہ ہُوئی اَور یعقوب سے اُسے دُوسرا بیٹا ہُوا۔ تَب راخلؔ نے کہا، ”مُجھ میں اَور میری بہن میں بڑی کشمش جاری تھی لیکن مَیں نے فتح پائی۔“ لہٰذا اُس نے اُس بیٹے کا نام نفتالی رکھا۔ جَب لِیاہؔ نے دیکھا کہ آئندہ اُس کے اَولاد نہیں ہوگی تو اُس نے اَپنی خادِمہ زِلفہؔ کو یعقوب کو دے دیا کہ اُس کی بیوی بنے۔ لِیاہؔ کی خادِمہ زِلفہؔ کے یعقوب سے بیٹا پیدا ہُوا۔ تَب لِیاہؔ نے کہا، ”زہے قِسمت!“ لہٰذا اُس نے اُس بیٹے کا نام گادؔ رکھا۔ لِیاہؔ کی خادِمہ زِلفہؔ کو یعقوب سے دُوسرا بیٹا ہُوا۔ تَب لِیاہؔ نے کہا، ”میں کِس قدر مُبارک ہُوں! عورتیں مُجھے مُبارک کہیں گی۔“ لہٰذا اُس نے اُس بیٹے کا نام آشیر رکھا۔ گیہُوں کی فصل کی کٹائی کے دِن تھے۔ رُوبِنؔ کھیتوں میں نکل گیا جہاں اُس نے دُدائیم اُگی ہُوئی دیکھی۔ وہ اُس میں سے کچھ اَپنی ماں لِیاہؔ کے پاس لے آیا۔ راخلؔ نے لِیاہؔ سے کہا، ”اَپنے بیٹے کی دُدائیم میں سے کچھ مُجھے بھی دے دو۔“ لیکن لِیاہؔ نے اُس سے کہا، ”کیا یہ کافی نہیں کہ تُم نے میرے خَاوند کو لے لیا؟ اَب کیا میرے بیٹے کی دُدائیم بھی لینا چاہتی ہو؟“ راخلؔ نے کہا، ”بہت خُوب، تمہارے بیٹے کی دُدائیم کے عِوض وہ آج رات تمہارے پاس آسکتا ہے۔“ اُس شام جَب یعقوب کھیتوں پر سے واپس لَوٹے تو لِیاہؔ اُن سے مِلنے کو نکل گئی اَور کہا، ”آج رات آپ کو میرے پاس آنا ہوگا کیونکہ مَیں نے اَپنے بیٹے کی دُدائیم کے عِوض آپ کو اُجرت پر لیا ہے۔“ خُدا نے لِیاہؔ کی سُنی اَور وہ حاملہ ہُوئی اَور یعقوب سے اُس کے پانچواں بیٹا ہُوا۔ تَب لِیاہؔ نے کہا، ”خُدا نے مُجھے اَپنی خادِمہ اَپنے خَاوند کو دینے کے سبب سے اجر دیا۔“ اَور اُس نے اُس کا نام یِسَّکاؔر رکھا۔ لِیاہؔ پھر حاملہ ہُوئی اَور یعقوب سے اُسے چھٹا بیٹا پیدا ہُوا۔ تَب لِیاہؔ نے کہا، ”خُدا نے مُجھے بیش بہا تحفہ عنایت کیا ہے۔ اَب کی بار میرا خَاوند میرے ساتھ عِزّت سے پیش آئے گا کیونکہ میرے یہاں اُس سے چھ بیٹے ہو چُکے ہیں۔“ اِس لیٔے اُس نے اُس کا نام زبُولُون رکھا۔ کچھ عرصہ کے بعد اُس کے یہاں ایک بیٹی پیدا ہُوئی اَور اُس نے اُس کا نام دینؔہ رکھا۔ تَب خُدا نے راخلؔ کو یاد کیا۔ اُس نے راخلؔ کی سُنی اَور اُس کا رِحم کھول دیا۔ وہ حاملہ ہُوئی اَور اُس کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا۔ وہ کہنے لگی، ”خُدا نے میری رُسوائی دُور کی۔“ اُس نے اُس کا نام یُوسیفؔ رکھا اَور کہا، ”یَاہوِہ میرے بیٹوں میں ایک اَور کا اِضافہ کرے۔“
پڑھیں پیدائش 30
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: پیدائش 1:30-24
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos