YouVersion Logo
تلاش

پیدائش 10:28-22

پیدائش 10:28-22 UCV

یعقوب بیرشبعؔ سے نکل کر حارانؔ کی طرف چل دئیے۔ جَب وہ ایک مقام پر پہُنچے تو شب گزاری کے لیٔے وہاں ٹھہر گئے کیونکہ سُورج غروب ہو چُکاتھا۔ اُنہُوں نے وہاں کے پتّھروں میں سے ایک پتّھر لے کر اَپنے سَر کے نیچے رکھا اَور سونے کے لیٔے لیٹ گئے۔ اُنہُوں نے خواب میں دیکھا: ایک سیڑھی زمین پر کھڑی ہے اَور اُس کا دُوسرا سِرا آسمان تک پہُنچا ہُواہے اَور خُدا کے فرشتے اُس پر چڑھتے اَور اُترتے ہیں۔ اَور یَاہوِہ اُس کے اُوپر کھڑے تھے اَور کہہ رہے تھے: ”مَیں یَاہوِہ تمہارے باپ اَبراہامؔ کا خُدا اَور اِصحاقؔ کا خُدا ہُوں۔ میں یہ زمین جِس پر تُم لیٹے ہو تُمہیں اَور تمہاری نَسل کو دُوں گا۔ تمہاری نَسل خاک کے ذرّوں کے مانند ہوگی اَور تُم مشرق و مغرب اَور شمال و جُنوب کی جانِب پھیل جاؤگے۔ زمین کے سَب قبیلے تمہارے اَور تمہاری نَسل کے وسیلہ سے برکت پائیں گے۔ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں اَور تُم جہاں کہیں جاؤگے وہاں تمہاری حِفاظت کروں گا اَور مَیں تُمہیں اِس مُلک میں واپس لاؤں گا اَورجو وعدہ مَیں نے تُم سے کیا ہے اُسے پُورا کرنے تک میں تُمہیں اکیلا نہ چھوڑوں گا۔“ جَب یعقوب نیند سے بیدار ہُوئے تو کہا، ”ہو نہ ہو یَاہوِہ اِس جگہ مَوجُود ہیں اَور مُجھے اِس کا علم نہ تھا۔“ یعقوب خوفزدہ ہوکر کہنے لگے، ”یہ جگہ کیسی پُرجلال ہے! یہ جگہ خُدا کے گھر کے سِوا اَور کیا ہو سکتی ہے؛ یہ تو ضروُر آسمان کا پھاٹک ہی ہوگا۔“ دُوسرے دِن علی الصبح یعقوب نے اُس پتّھر کو لے کر جسے اُنہُوں نے اَپنے سَر کے نیچے رکھا تھا سُتون کی طرح کھڑا کیا اَور اُس کے اُوپر زَیتُون کا تیل ڈالا، اَور یعقوب نے اُس مقام کا نام بیت ایل رکھا حالانکہ پہلے اُس شہر کا نام لُوزؔ تھا۔ تَب یعقوب نے یہ مَنّت مانی، ”اگر خُدا اِس سفر میں میرے ساتھ رہے میری حِفاظت کرے اَور مُجھے کھانے کے لیٔے روٹی اَور پہننے کے لیٔے کپڑے عطا کرے تاکہ میں اَپنے باپ کے گھر سلامت جا پہُنچوں تو یَاہوِہ میرا خُدا ہوگا۔ اَور یہ پتّھر جسے مَیں نے سُتون کے طور پر کھڑا کیا ہے خُدا کا مَسکن ہوگا اَور اَے خُدا جو کچھ آپ مُجھے عطا کریں گے میں اُس کا دسواں حِصّہ آپ کو دُوں گا۔“

پڑھیں پیدائش 28