اَبراہامؔ نے اَپنا سَب کچھ اِصحاقؔ کے لیٔے چھوڑ دیا تھا۔ لیکن اَپنے جیتے جی اَبراہامؔ نے اَپنی داشتاؤں کے بیٹوں کو انعامات دے کر اُنہیں اَپنے بیٹے اِصحاقؔ کے پاس سے مشرقی مُلک کو بھیج دیا۔ اَبراہامؔ کی کُل عمر ایک سَو پچہتّر بَرس کی ہُوئی تَب اَبراہامؔ نے آخِری سانس لی اَور عَین بُڑھاپے میں نہایت ضعیف اَور پُوری عمر کا ہوکر وفات پائی اَور اَپنے لوگوں میں جا مِلے۔ اَور اُن کے بیٹے اِصحاقؔ اَور اِشمعیل نے مکفیلہؔ کے غار میں جو ممرےؔ کے نزدیک حِتّی ضُحرؔ کے بیٹے عِفرونؔ کے کھیت میں ہے اَبراہامؔ کو دفن کیا۔ اُس کھیت کو اَبراہامؔ نے حِتّیوں سے خریدا تھا۔ وہیں اَبراہامؔ کو اُن کی بیوی سارہؔ کے پاس دفن کیا گیا۔ اَبراہامؔ کی وفات کے بعد خُدا نے اُن کے بیٹے اِصحاقؔ کو برکت دی جو اُس وقت بیرلخیؔ روئی کے پاس رہتے تھے۔ یہ اَبراہامؔ کے بیٹے اِشمعیل کا نَسب نامہ ہے جو سارہؔ کی لونڈی ہاگارؔ مِصری سے اَبراہامؔ کے یہاں پیدا ہُوا۔ اِشمعیل کے بیٹوں کے ناموں کی ترتیب، اُن کی پیدائش کے مُطابق یہ ہے: نبایوتؔ جو اِشمعیل کا پہلوٹھا تھا، قیدارؔ، ادبیلؔ، مبسامؔ، مِشماعؔ، دُومہؔ، مَسّا، حددؔ، تیماؔ، یطُورؔ، نافیشؔ اَور قِدمہؔ۔ یہ اِشمعیل کے بیٹے تھے، اَور بَارہ قبیلوں کے سردار اَپنی بستیوں اَور چھاؤنیوں کے مُطابق اِن ہی سے نامزد ہیں۔ اِشمعیل کی کُل عمر ایک سَو سینتیس بَرس کی ہو گئی۔ تَب آپ نے وفات پائی اَور اَپنے لوگوں سے جا مِلے۔ اُن کی اَولاد مِصر کی مشرقی سرحد کے نزدیک اشُور کی سمت میں حَویلہؔ سے شُورؔ تک کے علاقے میں آباد ہوئی۔ یہ لوگ اَپنے سَب قبیلوں کے لوگوں سے بَیر رکھتے تھے۔ اَبراہامؔ کے بیٹے اِصحاقؔ کا نَسب نامہ یہ ہے: اَبراہامؔ سے اِصحاقؔ پیدا ہُوا۔ اَور اِصحاقؔ چالیس بَرس کے تھے جَب آپ نے رِبقہؔ سے بیاہ کیا جو فدّان ارام کے باشِندہ بیتُھوایلؔ ارامی کی بیٹی اَور لابنؔ ارامی کی بہن تھی۔ اَور اِصحاقؔ نے اَپنی بیوی کے لیٔے یَاہوِہ سے دعا کی کیونکہ وہ بانجھ تھیں۔ یَاہوِہ نے اُن کی دعا سُنی اَور اُن کی بیوی رِبقہؔ حاملہ ہُوئیں۔ اَور اُن کے رِحم میں دو بچّے آپَس میں زورآزمائی کرنے لگے۔ تَب رِبقہؔ نے کہا، ”میرے ساتھ اَیسا کیوں ہو رہاہے؟“ چنانچہ رِبقہؔ نے یَاہوِہ سے پُوچھا۔ یَاہوِہ نے رِبقہؔ سے فرمایا، ”تمہارے رِحم میں دو بیٹے گویا دو قومیں ہیں، اَور یہ قوموں کے لوگ جو تمہارے بطن سے ہُوں گی ایک دُوسری سے جُدا کر دی جایٔیں گی؛ ایک بیٹا دُوسرے بیٹے سے زورآور ہوگا، اَور بڑا چُھوٹے کی خدمت کرےگا۔“ جَب اُن کی زچگی کا وقت آ گیا تَب پتہ چلا کہ اُن کے رِحم میں جُڑواں بچّے ہیں۔ جو پہلے پیدا ہُوا وہ سُرخ تھا اَور اُس کا سارا جِسم بالوں سے بنے ہویٔے کپڑے کی طرح تھا۔ اِس لیٔے اُنہُوں نے اُس کا نام عیسَوؔ رکھا۔ اُس کے بعد اُس کا بھایٔی پیدا ہُوا جو اَپنے ہاتھ سے عیسَوؔ کی اِیڑی پکڑے ہویٔے تھا اِس لیٔے اُس کا نام یعقوب رکھا گیا۔ جَب رِبقہؔ نے اُن دونوں کو پیدا کیا تَب اِصحاقؔ کی عمر ساٹھ بَرس کی تھی۔
پڑھیں پیدائش 25
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: پیدائش 5:25-26
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos