پیدائش 12:24-19

پیدائش 12:24-19 UCV

تَب خادِم نے دعا کی، ”اَے یَاہوِہ، میرے آقا اَبراہامؔ کے خُدا، آج مُجھے کامیابی بخش اَور میرے آقا اَبراہامؔ پر مہربان ہو۔ دیکھ میں اِس چشمہ کے پاس کھڑا ہُوں اَور اِس شہر کے لوگوں کی بیٹیاں پانی بھرنے کے لیٔے آ رہی ہیں۔ کاش اَیسا ہو کہ جَب مَیں کسی لڑکی سے کہُوں، ’ذرا اَپنا گھڑا جھُکا کر مُجھے پانی پِلا دے،‘ اَور وہ لڑکی کہے، ’پانی پی لیجئے اَور مَیں تمہارے اُونٹوں کو بھی پانی پِلا دُوں گی،‘ تو وہ وُہی لڑکی ہو جسے آپ نے اَپنے خادِم اِصحاقؔ کے لیٔے چُناہے اِس سے میں جان لُوں گا کہ آپ نے میرے آقا پر مہربانی کی ہے۔“ اِس سے قبل کہ وہ اَپنی دعا ختم کرتا رِبقہؔ اَپنا گھڑا کندھے پر لیٔے ہویٔے آئی۔ وہ اَبراہامؔ کے بھایٔی ناحوؔر کی بیوی مِلکاہؔ کے بیٹے بیتُھوایلؔ کی بیٹی تھی۔ لڑکی نہایت خُوبصورت، کنواری؛ اَور مَرد سے ناواقِف تھی۔ وہ نیچے اُتر کر چشمے کے پاس گئی اَور پھر اَپنا گھڑا بھرکے اُوپر آ گئی۔ تَب وہ خادِم دَوڑکر اُسے مِلنے گیا اَور کہنے لگا، ”اَپنے گھڑے میں سے تھوڑا پانی مُجھے پِلا دیجئے۔“ رِبقہؔ نے کہا، ”ضروُر میرے آقا، پانی پی لیجئے“ اَور وہ فوراً گھڑے کو نیچے اُتار کر ہاتھ سے اُسے پانی پِلانے لگی۔ جَب وہ خادِم کو پانی پِلا چُکی تو رِبقہؔ نے کہا، ”مَیں تمہارے اُونٹوں کے لئے بھی پانی بھر کر لاتی ہُوں جَب تک کہ وہ پی کر سیر نہ ہو جایٔیں۔“