اَور خُدا نے فرمایا، ”دِن کو رات سے الگ کرنے کے لیٔے آسمان کی فِضا میں نیّر ہُوں تاکہ وہ موسموں دِنوں اَور برسوں میں اِمتیاز کرنے کے لیٔے نِشان ٹھہریں۔ اَور وہ آسمان کی فِضا میں چمکیں، تاکہ زمین پر رَوشنی ڈالیں،“ اَور اَیسا ہی ہُوا۔ خُدا نے دو بڑی رَوشنیاں بنائیں بڑی رَوشنی یعنی سُورج دِن پر حُکومت کرنے کے لیٔے اَور چُھوٹی رَوشنی یعنی چاند رات پر حُکومت کرنے کے لیٔے۔ خُدا نے سِتارے بھی بنائے۔ خُدا نے اُنہیں آسمان کی فِضا میں قائِم کیا تاکہ وہ زمین پر رَوشنی ڈالیں، دِن اَور رات پر حُکومت کریں اَور رَوشنی کو تاریکی سے جُدا کریں۔ اَور خُدا نے دیکھا کہ یہ اَچھّا ہے۔ اَور شام ہُوئی اَور پھر صُبح یہ چوتھا دِن تھا۔ اَور خُدا نے فرمایا، ”پانی جانداروں کی کثرت سے بھر جائے اَور پرندے زمین کے اُوپر آسمان کی فِضا میں پرواز کریں۔“ چنانچہ خُدا نے بڑی بڑی سمُندری مخلُوقات کو اَور سَب زندہ اَور حرکت کرنے والی اَشیا کو جو پانی میں کثرت سے پائی جاتی ہیں اَور طرح طرح کے پرندوں کو اُن کی جنس کے مُطابق پیدا کیا۔ اَور خُدا نے دیکھا کہ یہ اَچھّا ہے۔ خُدا نے اُنہیں برکت دی اَور کہا، ”پھُولو، پھلو اَور تعداد میں بڑھو اَور سمُندر کے پانی کو بھر دو اَور پرندے زمین پر بہت بڑھ جایٔیں۔“ اَور شام ہُوئی اَور صُبح ہویٔی، یہ پانچواں دِن تھا۔ اَور خُدا نے فرمایا، ”زمین جانداروں کو اَپنی اَپنی جنس کے مُطابق پیدا کرے جَیسے مویشی، زمین پر رینگنے والے جاندار اَور جنگلی جانوروں کو جو اَپنی اَپنی قِسم کے مُطابق ہُوں اَور اَیسا ہی ہُوا۔“ خُدا نے جنگلی جانوروں کو اُن کی اَپنی اَپنی جنس کے مُطابق، مویشیوں کو اُن کی اَپنی اَپنی جنس کے مُطابق اَور زمین پر رینگنے والے تمام جانداروں کو اَپنی اَپنی جنس کے مُطابق بنایا اَور خُدا نے دیکھا کہ یہ اَچھّا ہے۔
پڑھیں پیدائش 1
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: پیدائش 14:1-25
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos