YouVersion Logo
تلاش

خُروج 1:3-14

خُروج 1:3-14 UCV

ایک دفعہ اَیسا ہُوا کہ مَوشہ اَپنے سسُر، یتروؔ کی جو مِدیان کے کاہِنؔ تھے بھیڑ بکریاں چرا رہے تھے اَور وہ اُس گلّہ کو ہانک کر دُور بیابان کے دُوسری طرف خُدا کے پہاڑ حورِبؔ تک لے گیٔے۔ وہاں یَاہوِہ کا ایک فرشتہ جلتی ہویٔی جھاڑی کے درمیان آگ کے شُعلوں میں ظاہر ہُوا۔ مَوشہ نے دیکھا کہ وہ جھاڑی جَل رہی ہے لیکن راکھ نہیں ہوتی۔ لہٰذا مَوشہ نے سوچا، ”میں اَچھّی طرح جائزہ لُوں گا اَور اِس عجِیب منظر کو دیکھوں گا کہ آخِر وہ جھاڑی بھسم کیوں نہیں ہوتی!“ جَب یَاہوِہ نے دیکھا کہ وہ بھیڑ بکریوں کو چھوڑکر جھاڑی کے پاس آ پہُنچا ہے کہ اُس کا جائزہ لے، تو خُدا نے جلتی ہویٔی جھاڑی میں سے اُسے پُکارا، ”مَوشہ! مَوشہ!“ اَور مَوشہ نے کہا، ”مَیں حاضِر ہُوں۔“ تَب خُدا نے کہا، ”بہت زِیادہ نزدیک ہرگز مت آنا اَور اَپنے جُوتے اُتارو، کیونکہ جِس جگہ تُم کھڑے ہو وہ پاک سرزمین ہے۔“ اَور پھر خُدا نے فرمایا، ”مَیں تمہارے باپ کا خُدا یعنی اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کا، خُدا ہُوں۔“ اِس پر مَوشہ نے اَپنا مُنہ چھُپا لیا، کیونکہ وہ خُدا کی نظر کی تاب نہ لا سکنے سے ڈرتے تھے۔ اَور یَاہوِہ نے فرمایا، ”مَیں نے واقعی مِصر میں اَپنے لوگوں کو سخت تکلیف میں دیکھاہے؛ اَور مَیں نے اُنہیں بیگار لینے والوں کے باعث روتے اَور فریاد کرتے سُنا ہے اَور مُجھے اُن کے دُکھوں کا خیال ہے۔ اِس لیٔے میں اُنہیں مِصریوں کے ہاتھ سے چھُڑانے کے لیٔے اُترا ہُوں، تاکہ اُنہیں اُس مُلک سے نکال کر ایک اَچھّے اَور وسیع مُلک میں جہاں دُودھ اَور شہد بہتا ہے یعنی کنعانیوں، حِتّیوں، امُوریوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کے مُلک میں پہُنچاؤں۔ اَور اَب بنی اِسرائیل کا رونا، چِلّانا اَور اُن کی فریاد مُجھ تک پہُنچ گئی ہے؛ اَور جِس طرح مِصری اُن پر ظُلم کرتے مَیں نے اُسے بھی دیکھاہے۔ لہٰذا اَب جاؤ میں تُمہیں فَرعوہؔ کے پاس بھیجتا ہُوں تاکہ تُم میری قوم بنی اِسرائیل کو مِصر سے نکال لاؤ۔“ لیکن مَوشہ نے خُدا سے کہا، ”مَیں کون ہُوں جو فَرعوہؔ کے پاس جاؤں اَور بنی اِسرائیل کو مِصر سے باہر نکال لاؤں؟“ تَب خُدا نے فرمایا، ”مَیں تمہارے ساتھ ہُوں گا، اَور اِس بات کا کہ مَیں نے تُمہیں بھیجا ہے تمہارے لیٔے یہ نِشان ہوگا کہ جَب تُم اُن لوگوں کو مِصر سے باہر نکال کر لے آؤگے، تو تُم اِس پہاڑ پر خُدا کی عبادت کروگے۔“ تَب مَوشہ نے خُدا سے کہا، ”اگر مَیں بنی اِسرائیل کے پاس جا کر اُنہیں کہُوں، ’تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا نے مُجھے تمہارے پاس بھیجا ہے،‘ اَور وہ مُجھ سے پُوچھیں، ’اُس کا نام کیا ہے،‘ تو میں اُنہیں کیا بتاؤں؟“ خُدا نے مَوشہ سے فرمایا، ”میں جو ہُوں سو مَیں ہُوں۔ سو تُم بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا، ’میں جو ہُوں نے مُجھے تمہارے پاس بھیجا ہے۔‘ “

پڑھیں خُروج 3