مردکیؔ نے اِن واقعات کو قلم بند کیا اَور شاہِ احسویروسؔ کی ساری مملکت میں دُور اَور نزدیک کے تمام یہُودیوں کو خُطوط روانہ کئے کہ وہ ہر سال آدارؔ کی چودھویں اَور پندرھویں تاریخ کو عید منایا کریں۔ یہ دو دِن وہ ہیں جِن میں یہُودیوں نے اَپنے دُشمنوں سے نَجات پائی اَور یہ وہ مہینہ ہے جِس میں اُن کا غم خُوشی اَور خُرّمی میں اَور اُن کا ماتم فرحت اَور شادمانی میں تبدیل ہو گیا۔ اُس نے لِکھ کر حُکم دیا کہ یہ دِن ضیافتوں کے ساتھ عید کے طور پر منائے جایٔیں اَور ایک دُوسرے کو کھانے پینے کی چیزیں تحفہ کے طور پر دی جایٔیں اَور غریبوں میں خیرات تقسیم کی جائے۔ تمام یہُودیوں نے اِن دِنوں کو عید کے طور پر منانے پر اِتّفاق کیا اَور مردکیؔ نے جو کچھ اُنہیں لِکھّا تھا اُس پر عَمل کیا۔ کیونکہ ہامانؔ بِن ہمّداتھاؔ اگاگی نے جو یہُودیوں کا دُشمن تھا یہُودیوں کے خِلاف سازش کی تھی کہ اُنہیں ہلاک کر دیا جائے اَور اُن کی تباہی اَور بربادی کا دِن مُقرّر کرنے کے لیٔے پُور یعنی قُرعہ ڈالا تھا۔ لیکن جَب بادشاہ کو اِس سازش کی خبر دی گئی تو بادشاہ نے خُطوط بھیج کر حُکم دیا کہ ہامانؔ کا فتویٰ جو اُس نے یہُودیوں کے خِلاف جاری کیا تھا اُلٹا اُسی کے سَر آ پڑے اَور وہ اَور اُس کے بیٹے سُولی پر چڑھائے جایٔیں۔ اِس لیٔے یہ ایّام لفظ پُور کی نِسبت سے پُوریم کہلاتےہیں۔ اُن تمام باتوں کے پیشِ نظر جو اُن خُطوط میں درج تھیں اَورجو کچھ اُنہُوں نے خُود دیکھا تھا اَور اُنہیں پیش آیاتھا یہُودیوں نے اَپنی قوم پر واجِب ٹھہرایا کہ وہ سَب اَور اُن کے بعد اُن کی ساری نَسل اَور وہ بھی جو اُن کے ساتھ مِل جایٔیں گے ہر سال یہ دو دِن مُقرّرہ وقت پر دستور کے مُطابق بطور عید مانتے رہیں گے۔ یہ دِن پُشت در پُشت بھی ہر خاندان، ہر صُوبہ اَور ہر شہر میں یاد سے منائے جاتے رہیں گے۔ یہ عیدِ پُوریم یہُودیوں میں کبھی موقُوف نہ ہوگی، نہ ہی اُن کی یاد اُن کی نَسل سے محو ہونے پایٔے گی۔ پس ملِکہ ایسترؔ بنت اَبی حائیل اَور یہُودی مردکیؔ نے پُورے اِختیار کے ساتھ پُوریم کے بارے میں خط تحریر فرمایا اَور مردکیؔ نے شاہ احسویروسؔ کی مملکت کے ایک سَو ستّائیس صوبوں کے تمام یہُودیوں کو مُبارکباد کے خُطوط بھیج کر اُن کی خیرسگالی اَور یقین دہانی فرمائی کہ وقتِ مُقرّرہ پر جَیسا کہ مردکیؔ اَور ملِکہ ایسترؔ نے فیصلہ کیا تھا پُوریم کی عید منایا کریں اَور جَیسا اُنہُوں نے اَپنے لیٔے ٹھہرایا تھا وَیسا ہی تمام یہُودی اَور اُن کی آنے والی نَسل کے لیٔے ٹھہرایا کہ وہ روزوں اَور ماتم کے دِنوں کو ہرگز فراموش نہ کریں گے ملِکہ ایسترؔ نے فرمان کے ذریعہ پُوریم کی ساری رسموں کی تصدیق کی اَور اُسے قوانین اَور ضوابط کی کِتاب میں درج کیا گیا۔
پڑھیں ایسترؔ 9
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: ایسترؔ 20:9-32
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos