YouVersion Logo
تلاش

اِفِسیوں 1:1-10

اِفِسیوں 1:1-10 UCV

پَولُسؔ کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے المسیح یِسوعؔ کے رسول ہیں، اُن مُقدّسین کے نام خط لِکھّا جو اِفِسُسؔ شہر میں رہتے ہیں، اَور المسیح یِسوعؔ پر ایمان رکھتے ہیں: ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے خُدا اَور باپ کی تعریف ہو، جِس نے ہمیں المسیح میں آسمان کی ہر رُوحانی برکت بخشی ہے۔ خُدا نے ہمیں دُنیا کے بنائے جانے کے پیشتر ہی سے المسیح میں چُن لیا تھا تاکہ ہم خُدا کے حُضُور مَحَبّت میں پاک اَور بے عیب ہوں۔ خُدا نے اَپنی خُوشی سے پہلے ہی یہ نیک فیصلہ کر لیا تھا، وہ ہمیں یِسوعؔ المسیح کے ذریعہ اَپنا لے پالک فرزند بنائے تاکہ اُن کے اِس جلالی فضل کی سِتائش ہو جو خُدا نے اَپنے عزیز بیٹے کے وسیلہ سے ہمیں مُفت عنایت کی۔ ہمیں اُس فضل کی بدولت، المسیح کے خُون کے وسیلہ سے مخلصی، یعنی گُناہوں کی مُعافی حاصل ہوتی ہے جو خُدا نے ہر طرح کی حِکمت اَور فراست سے ہم پر اِفراط کے ساتھ نازل کیا، اَور خُدا نے اَپنی خُوشی سے اُس پوشیدہ مقصد کو ہم پر ظاہر کر دیا، جِس کا خُدا نے المسیح کی مَعرفت عَمل میں لانے کا اِرادہ کیا ہُوا تھا، اُس وقت تک عَمل میں لایا جائے تاکہ اوقات مُقرّرہ پر سَب چیزیں خواہ وہ آسمان کی ہوں یا زمین کی، المسیح میں مُتّحد کی جایٔیں۔