YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 6:5-22

اِستِثنا 6:5-22 UCV

یَاہوِہ تمہارا خُدا، جو تُمہیں مُلک مِصر کی غُلامی سے نکال لایا میں ہُوں۔ ”میرے حُضُور تُم غَیر معبُودوں کو نہ ماَننا۔ تُم کسی بھی شَے کی صورت پر خواہ وہ اُوپر آسمان میں یا نیچے زمین پر یا نیچے پانیِوں میں ہو کویٔی بُت نہ بنانا۔ تُم اُن کے آگے سَجدہ نہ کرنا اَور نہ ہی اُن کی عبادت کرنا کیونکہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا غیّور خُدا ہُوں اَورجو مُجھ سے عداوت رکھتے ہیں مَیں اُن کی اَولاد کو تیسری اَور چوتھی پُشت تک اُن کے آباؤاَجداد کی بدکاری کی سزا دیتا ہُوں۔ لیکن ہزاروں پُشتیں جو مُجھ سے مَحَبّت رکھتی ہیں اَور میرے حُکموں کو مانتی ہیں میں اُن سے مَحَبّت رکھتا ہُوں۔ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کا نام بے مقصد نہ لینا کیونکہ جو کویٔی اُن کا نام بے مقصد لے گا، یَاہوِہ اُسے بے سزا نہیں چھوڑیں گے۔ تُم سَبت کے دِن کو پاک ماننا، جَیسا کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں حُکم دیا ہے۔ چھ دِن تک تُم محنت سے اَپنا سارا کام کاج کرنا۔ لیکن ساتواں دِن یَاہوِہ تمہارے خُدا کا سَبت ہے۔ اُس دِن نہ تُم کویٔی کام کرنا، نہ تمہارا بیٹا یا بیٹی نہ تمہارا غُلام یا خادِمائیں نہ تمہارے چَوپائے نہ تمہارا بَیل، نہ گدھا اَور نہ کویٔی پردیسی جو تمہارے پھاٹکوں کے اَندر رہتا ہو، تاکہ تمہارے خادِم اَور خادِمائیں تمہاری طرح آرام کریں۔ یاد رکھو کہ تُم مِصر میں غُلام تھے اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا وہاں سے تُمہیں اَپنے قوی ہاتھ سے اَور اَپنے بازو بڑھا کر نکال لائے۔ اِس لیٔے یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں سَبت کا دِن ماننے کا حُکم دیا ہے۔ اَپنے باپ اَور اَپنی ماں کی عزّت کرنا جَیسا کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں حُکم دیا ہے تاکہ تمہاری عمر دراز ہو اَورجو مُلک یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں اُس میں تمہاری خیر ہو۔ تُم اِنسان کا خُون نہ کرنا۔ تُم زنا نہ کرنا۔ تُم چوری نہ کرنا۔ تُم اَپنے پڑوسی کے خِلاف جھُوٹی گواہی نہ دینا۔ تُم اَپنے پڑوسی کی بیوی کا لالچ نہ کرنا اَور نہ تُم اَپنے پڑوسی کے گھر یا کھیت، نہ اُس کے غُلام یا اُس کی خادِمہ کا، اُس کے بَیل یا گدھے کا اَور نہ اَپنے پڑوسی کی کسی اَور چیز کا۔“ یہی وہ اَحکام ہیں جِن کا یَاہوِہ نے اُس پہاڑ پر آگ، بادل اَور گہری تاریکی میں سے بُلند آواز سے تُم سبھی سے یعنی تمہاری ساری جماعت سے فرمایا تھا، اَور اِس سے زِیادہ اَور کچھ نہ کہا۔ پھر اُنہُوں نے اُنہیں پتّھر کی دو تختیوں پر لِکھ کر اُنہیں مُجھے دے دیا۔

پڑھیں اِستِثنا 5