YouVersion Logo
تلاش

دانی ایل 5:6-12

دانی ایل 5:6-12 UCV

بلآخر اُن لوگوں نے کہا، ”ہم اِس شخص دانی ایل کے خِلاف کبھی کویٔی قُصُور نہ پا سکیں گے جَب تک کہ اُس کا تعلّق اُس کے خُدا کی شَریعت سے نہ ہو۔“ چنانچہ وزیر اَور ناظِم مِل کر بادشاہ کے پاس گیٔے اَور کہنے لگے: ”اَے بادشاہ داریاویشؔ، آپ اَبد تک زندہ رہیں، شاہی وُزراء، حاکم، ناظِم، مُشیر اَور سردار سَب اِس بات پر مُتّفِق رائے رکھتے ہیں کہ بادشاہ ایک فرمان جاری کرے اَور یہ حُکم دے کہ اگلے تیس دِنوں میں جو کویٔی اَے بادشاہ، آپ کے سِوا کسی اَور معبُود یا اِنسان سے کویٔی درخواست کرے، اُسے شیروں کی ماند میں پھینک دیا جائے۔ اَب اَے بادشاہ یہ حُکم جاری کریں اَور اُس نوشتہ پر دستخط کریں تاکہ مادیوں اَور فارسیوں کے آئین کے مُطابق جو لاتبدیل ہوتے ہیں، اُسے بھی بدلا نہ جائے۔“ چنانچہ داریاویشؔ بادشاہ نے یہ حُکم تحریر کروایا۔ جَب دانی ایل کو پتہ لگاکہ حُکم جاری ہو چُکاہے تو وہ اَپنے گھر گیا اَور اُوپر کے کمرہ میں چلا گیا جِس کی کھڑکیاں یروشلیمؔ کی جانِب کھُلتی تھیں۔ وہ دِن میں تین مرتبہ حسبِ معمول اَپنے گھُٹنے ٹیک کر دعا کرتا اَور اَپنے خُدا کی شُکر گزاری کرتا تھا۔ تَب یہ لوگ جمع ہوکر گیٔے اَور دانی ایل کو دعا کرتے اَور اَپنے خُدا سے مدد طلب کرتے ہُوئے پایا۔ تَب وہ بادشاہ کے پاس گیٔے اَور اُس سے اُس کے شاہی حُکم کے متعلّق یُوں ذِکر کیا: ”اَے بادشاہ کیا آپ نے یہ حُکم جاری نہیں کیا کہ اگلے تیس دِنوں میں اگر کویٔی شخص آپ کے سِوا کسی اَور معبُود یا اِنسان سے دعا مانگے تو اُسے شیروں کی ماند میں پھینکا جائے؟“ بادشاہ نے جَواب دیا، ”مادیؔ اَور فارسی قوانین کے ماتحت جو لاتبدیل ہیں یہ حُکم جاری کیا گیا ہے۔“

پڑھیں دانی ایل 6