YouVersion Logo
تلاش

کلُسّیِوں 9:1-23

کلُسّیِوں 9:1-23 UCV

اِس لیٔے جِس دِن سے ہم نے آپ لوگوں سے یہ سَب باتیں سُنی ہیں، ہم بھی تمہارے واسطے خُدا سے بلاناغہ دعا کرتے اَور درخواست کرنے سے باز نہیں آتے کہ تُمہیں خُدا اَپنی مرضی کے علم سے، رُوحانی حِکمت اَور سمجھ سے معموُر کر دے جسے پاک رُوح مُہیّا کرتا ہے۔ تاکہ تمہاری زندگی خُداوؔند کے لائق ہو اَور خُداوؔند کو ہر طرح سے خُوش کرنے والی ہو: اَور سَب نیک کام میں پھلدار بنو، اَور خُدا کے علم و عِرفان میں بڑھتے چلے جاؤ، تُم لوگوں کے لیٔے ہماری دعا ہے کہ تُم خُدا کی جلالی قُدرت سے مِلنے والی ہر طرح کی قُوّت سے مضبُوط ہوتے جاؤ تاکہ تُم میں بےحَد تحمُّل اَور صبر پیدا ہو، اَور خُوشی سے خُدا باپ کا شُکر کرتے رہو جِس نے تُمہیں نُور کی بادشاہی میں اَپنے مُقدّس لوگوں کی مِیراث میں شامل ہونے کے لائق بنایا، کیونکہ خُدا نے ہمیں تاریکی کے قبضہ سے چُھڑا کر اَپنے عزیز بیٹے کی بادشاہی میں داخل کیا ہے، اُسی عزیز بیٹے کے ذریعہ ہمیں مخلصی، یعنی گُناہوں کی مُعافی مِلی ہے۔ اِبن خُدا پوشیدہ خُدا کی صورت اَور تمام مخلُوقات میں پہلوٹھے ہیں۔ کیونکہ المسیؔح کے وسیلہ سے سَب کچھ خلق کیا گیا: چاہے وہ چیزیں آسمان کی ہوں یا زمین کی، نموُدار ہوں یا پوشیدہ، شاہی تخت ہوں یا اُن کی قُوّتیں، حُکمراں ہوں یا تمام اِختیّار والے۔ سَب چیزیں المسیؔح کے ذریعہ اَور اُن ہی کے خاطِر پیدا ہُوئی ہیں۔ وہ سَب چیزوں سے پہلے ہیں اَور المسیؔح میں ہی سَب چیزیں قائِم ہے۔ اَور وُہی بَدن یعنی جماعت کا سَر ہیں اَور وُہی پہلے مُردوں میں سے جی اُٹھنے وَالوں میں پہلوٹھے ہیں تاکہ سَب چیزوں میں پہلا درجہ اُن ہی کا ہو۔ کیونکہ خُدا کو یہ پسند آیا کہ خُدا کی ساری معموُری المسیؔح میں سکونت کرے، اَور المسیؔح کے صلیب پر بہائے گیٔے خُون کے وسیلے سے، سَب چیزوں کا چاہے وہ آسمان کی ہوں، یا زمین کی، اَپنے ساتھ صُلح کر لے۔ کسی وقت تُم خُدا سے بہت دُور تھے، اَور اَپنے ذہنوں میں دُشمنی رکھ کر بُرے کاموں میں مشغُول تھے۔ لیکن اَب اُس نے المسیؔح کی جِسمانی موت کے وسیلہ سے تمہارے ساتھ صُلح کرلی ہے تاکہ وہ تُمہیں پاک، بے عیب اَور بے اِلزام بنا کر اَپنے حُضُور میں پیش کرے۔ بشرطیکہ تُم اَپنے ایمان کی پُختہ بُنیاد پر قائِم رہو، اَور اُس خُوشخبری کی اُمّید کو جسے تُم نے سُنا تھا، نہ چھوڑو، جِس کی مُنادی آسمان کے نیچے ساری مخلُوق میں کی گئی، اَور میں پَولُسؔ اُسی کا خادِم بنا۔

اس کلُسّیِوں 9:1-23 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام