YouVersion Logo
تلاش

کلُسّیِوں 15:1-29

کلُسّیِوں 15:1-29 UCV

اِبن خُدا پوشیدہ خُدا کی صورت اَور تمام مخلُوقات میں پہلوٹھے ہیں۔ کیونکہ المسیؔح کے وسیلہ سے سَب کچھ خلق کیا گیا: چاہے وہ چیزیں آسمان کی ہوں یا زمین کی، نموُدار ہوں یا پوشیدہ، شاہی تخت ہوں یا اُن کی قُوّتیں، حُکمراں ہوں یا تمام اِختیّار والے۔ سَب چیزیں المسیؔح کے ذریعہ اَور اُن ہی کے خاطِر پیدا ہُوئی ہیں۔ وہ سَب چیزوں سے پہلے ہیں اَور المسیؔح میں ہی سَب چیزیں قائِم ہے۔ اَور وُہی بَدن یعنی جماعت کا سَر ہیں اَور وُہی پہلے مُردوں میں سے جی اُٹھنے وَالوں میں پہلوٹھے ہیں تاکہ سَب چیزوں میں پہلا درجہ اُن ہی کا ہو۔ کیونکہ خُدا کو یہ پسند آیا کہ خُدا کی ساری معموُری المسیؔح میں سکونت کرے، اَور المسیؔح کے صلیب پر بہائے گیٔے خُون کے وسیلے سے، سَب چیزوں کا چاہے وہ آسمان کی ہوں، یا زمین کی، اَپنے ساتھ صُلح کر لے۔ کسی وقت تُم خُدا سے بہت دُور تھے، اَور اَپنے ذہنوں میں دُشمنی رکھ کر بُرے کاموں میں مشغُول تھے۔ لیکن اَب اُس نے المسیؔح کی جِسمانی موت کے وسیلہ سے تمہارے ساتھ صُلح کرلی ہے تاکہ وہ تُمہیں پاک، بے عیب اَور بے اِلزام بنا کر اَپنے حُضُور میں پیش کرے۔ بشرطیکہ تُم اَپنے ایمان کی پُختہ بُنیاد پر قائِم رہو، اَور اُس خُوشخبری کی اُمّید کو جسے تُم نے سُنا تھا، نہ چھوڑو، جِس کی مُنادی آسمان کے نیچے ساری مخلُوق میں کی گئی، اَور میں پَولُسؔ اُسی کا خادِم بنا۔ اَب تمہاری خاطِر دُکھ اُٹھانا بھی میرے لئے خُوشی کا باعث ہے، کیونکہ میں اَپنے جِسم میں المسیؔح کی مُصیبتوں کی کمی کو اُس کے بَدن، یعنی جماعت کی خاطِر پُورا کر رہا ہُوں۔ خُدا نے اَپنے کلام کو پُورے طور پر تُمہیں مُنادی کرنے کی ذمّہ داری میرے سُپرد کی اَور مُجھے اَپنی جماعت کا خادِم مُقرّر کیا یعنی وہ راز جو تمام زمانوں اَور پُشتوں سے پوشیدہ رہا، لیکن اَب خُدا کے مُقدّسین پر ظاہر ہُواہے۔ جنہیں خُدا نے مُنتخب کیا کہ غَیریہُودیوں کے درمیان اُس بیش قیمتی اَور جلالی راز کو ظاہر کرے، وہ راز المسیؔح ہیں جو جلال کی اُمّید ہیں، اَور تُم میں بسے ہویٔے ہیں۔ ہم اُسی المسیؔح کی مُنادی کرتے، اَور کمال دانائی سے ہر ایک کو نصیحت کرتے اَور تعلیم دیتے ہیں، تاکہ ہر شخص کو المسیؔح میں کامِل کرکے اُسے خُدا کے حُضُور پیش کر سکیں۔ اَور اِسی مقصد سے میں المسیؔح کی اُس عظیم قُوّت کے مُوافق جو مُجھ میں تاثیر کرتی ہے، جانفشانی سے سخت محنت اَور جدّوجہد کرتا ہُوں۔

اس کلُسّیِوں 15:1-29 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام