YouVersion Logo
تلاش

اعمال 5:8-25

اعمال 5:8-25 UCV

چنانچہ فِلِپُّسؔ سامریہؔ کے ایک شہر میں گیٔے اَور وہاں المسیؔح کی مُنادی کرنے لگے۔ جَب لوگوں نے فِلِپُّسؔ کی باتیں سُنیں اَور اُن کے معجزے دیکھے تو وہ سَب کے سَب بَڑے شوق سے اُن کی طرف مُتوجّہ ہونے لگے۔ کیٔی لوگوں میں سے بَدرُوحیں چِلّاتی ہویٔی نکلیں اَور بہت سے مفلُوج اَور لنگڑے شفایاب ہویٔے جِس سے شہر وَالوں کو بڑی خُوشی ہویٔی۔ کچھ عرصہ سے شمعُونؔ نام ایک آدمی نے سامریہؔ شہر میں اَپنی جادُوگری سے سارے سامریہؔ کے لوگوں کو حیرت میں ڈال رکھا تھا اَور کہتا تھا کہ وہ ایک بڑا آدمی ہے۔ اَور چھوٹے بَڑے، سَب، اُس کی طرف مُتوجّہ ہوکر کہنے لگے۔ ”اِس آدمی کو ہی خُدا کی عظیم طاقت کہا جاتا ہے۔“ چونکہ اُس نے اَپنے جادُو سے اُنہیں حیران کر رکھا تھا اِس لیٔے لوگ اُسے توجّہ کے قابِل سمجھنے لگے۔ لیکن جَب فِلِپُّسؔ نے خُدا کی بادشاہی اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے نام کی خُوشخبری سُنایٔی شروع کی تو سارے مَردو زن ایمان لے آئے اَور پاک ‏غُسل لینے لگے۔ شمعُونؔ خُود بھی ایمان لایا اَور پاک ‏غُسل لیا۔ اَور وہ فِلِپُّسؔ کے ساتھ ہو لیا، اَور وہ بَڑے بَڑے نِشان اَور معجزے دیکھ کر دنگ رہ گیا۔ جَب یروشلیمؔ میں رسولوں نے سُنا کہ سامریہؔ کے لوگوں نے خُدا کا کلام قبُول کر لیا، تو اُنہُوں نے پطرس اَور یُوحنّؔا کو سامریہؔ بھیجا۔ جَب وہ وہاں پہُنچے تو اُنہُوں نے اُن لوگوں کے لیٔے دعا کی کہ وہ پاک رُوح پائیں، اِس لیٔے کہ ابھی پاک رُوح اُن میں سے کسی پر نازل نہ ہُوا تھا؛ اُنہُوں نے صِرف خُداوؔند عیسیٰ کے نام پر پاک ‏غُسل لیا تھا۔ تَب پطرس اَور یُوحنّؔا نے اُن پر ہاتھ رکھے اَور اُنہُوں نے بھی پاک رُوح پایا۔ جَب شمعُونؔ نے دیکھا کہ رسولوں کے ہاتھ رکھنے سے پاک رُوح ملتا ہے، تو اُس نے رُوپے لاکر رسولوں کو پیش کیٔے اَور کہا، ”مُجھے بھی اِختیّار دو کہ میں جِس کسی پر ہاتھ رکھوں وہ پاک رُوح پایٔے۔“ پطرس نے جَواب میں فرمایا: ”تیرے رُوپے تیرے ساتھ غارت ہوں، کیونکہ تُونے رُوپیَوں سے خُدا کی اِس نِعمت کو خریدنا چاہا! اِس مُعاملہ میں تیرا کویٔی بھی حِصّہ یا بَخرہ نہیں، کیونکہ خُدا کے نَزدیک تیرا دل صَاف نہیں ہے۔ اَپنی اِس بدنیّتی سے تَوبہ کر اَور خُداوؔند سے دعا کر کہ شاید وہ اِس دل کی بُری نِیّت کے لیٔے تُجھے مُعاف کر دے۔ کیونکہ میں دیکھتا ہُوں کہ تُو شدید تلخی اَور ناراستی کے بند میں گِرفتار ہے۔“ تَب شمعُونؔ نے جَواب دیا، ”میرے لیٔے خُداوؔند سے دعا کرو کہ جو کچھ تُم نے کہا ہے وہ مُجھے پیش نہ آئے۔“ تَب رسول خُداوؔند کا کلام سُنانے اَور حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینے کے بعد یروشلیمؔ لَوٹ گیٔے، اَور راستے میں سامریوں کے کیٔی قصبوں میں بھی خُوشخبری سُناتے گیٔے۔

پڑھیں اعمال 8