جَب تین دِن گزرگئے تو پَولُسؔ نے یہُودی رہنماؤں کے کو بُلوایا۔ جَب وہ جمع ہویٔے، تو پَولُسؔ نے اُن سے کہا: ”میرے بھائیو، میں نے اَپنی اُمّت کے اَور باپ دادا کی رسَموُں کے خِلاف کویٔی کام نہیں کیا تو بھی، مُجھے یروشلیمؔ میں گِرفتار کرکے رُومیوں کے حوالہ کر دیا گیا۔ اُنہُوں نے تحقِیقات کے بعد مُجھے چھوڑ دینا چاہا، کیونکہ میں نے کویٔی اَیسا کام نہیں کیا تھا کہ مُجھے سزائے موت دی جاتی۔ مگر جَب یہُودیوں نے مُخالفت کی تو میں نے قَیصؔر کے ہاں اپیل کر دی۔ میں یقینی طور پر اَپنے ہی لوگوں کے خِلاف کویٔی اِلزام عائد کرنے کا اِرادہ نہیں رکھتا تھا۔ چنانچہ میں نے تُمہیں اِس لیٔے بُلایا ہے کہ تُم سے مِلوں اَور بات کرُوں۔ کیونکہ میں اِسرائیلؔ کی اُمّید کے سبب سے زنجیر سے جکڑا ہُوا ہُوں۔“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ہمیں یہُودیؔہ سے آپ کے بارے میں نہ تو خُطوط ملے نہ وہاں سے آنے والے بھائیوں نے ہمیں آپ کی کویٔی خبر دی نہ آپ کے خِلاف کچھ کہا۔ لیکن ہم آپ کے خیالات جاننا چاہتے ہیں۔ یہ تو ہمیں مَعلُوم ہے کہ لوگ ہر جگہ اِس فرقہ کے خِلاف باتیں کرتے ہیں۔“ تَب اُنہُوں نے پَولُسؔ کی باتیں سُننے کے لیٔے ایک دِن مُقرّر کیا۔ جَب وہ دِن آیا تو وہ پہلے سے بھی زِیادہ تعداد میں اُن کی رہائش پر حاضِر ہویٔے۔ پَولُسؔ نے اُنہیں خُدا کی بادشاہی کے بارے میں سمجھایا اَور ساتھ ہی حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے بارے میں حضرت مُوسیٰ کی شَریعت اَور نَبیوں کی کِتابوں سے اُنہیں قائل کرنے کی کوشش کی۔ گُفتگو کا یہ سِلسلہ صُبح سے شام تک جاری رہا۔ بعض پَولُسؔ کی باتیں سُن کر قائل ہو گئے لیکن بعض یقین نہ لایٔے۔ جَب وہ آپَس میں مُتّفِق نہ ہویٔے تو پَولُسؔ نے اُن کے رخصت ہونے سے پہلے یہ بَیان دیا: ”پاک رُوح نے یسعیاؔہ نبی کی مَعرفت تمہارے بارے میں ٹھیک ہی کہاتھا: ” ’اِس قوم کے پاس جاؤ اَور کہو، ”تُم سُنتے تو رہوگے لیکن سمجھوگے نہیں؛ دیکھتے رہوگے لیکن کبھی پہچان نہ پاؤگے۔“ کیونکہ اِس قوم کے دل شکستہ ہو گئے ہیں؛ وہ اُونچا سُننے لگے ہیں، اَور اُنہُوں نے اَپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ اُن کی آنکھیں دیکھ لیں۔ اُن کے کان سُن لیں، اُن کے دل سمجھ لیں۔ اَور وہ میری طرف پھریں اَور میں اُنہیں شفا بخشُوں۔‘ ”اِس لیٔے میں چاہتا ہُوں کہ تُم جان لو کہ خُدا کی نَجات کا پیغام غَیریہُودیوں کے پاس بھی بھیجا گیا ہے اَور وہ اُسے سُنیں گے!“ جَب پَولُسؔ نے یہ کہا تو یہُودی آپَس میں کافی بحث کرتے ہویٔے وہاں سے چلے گیٔے۔ پَولُسؔ پُورے دو بَرس تک اَپنے کِرایہ کے مَکان میں رہے اَورجو اُن سے مُلاقات کرنے آتے تھے اُن سَب سے مِلا کرتے تھے۔ وہ بڑی دِلیری سے خُدا کی بادشاہی کی خُوشخبری تبلیغ اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے بارے میں تعلیم دیتے رہے اَور کسی نے پَولُسؔ کو روکنے کی کوشش نہیں کی!
پڑھیں اعمال 28
سنیں اعمال 28
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: اعمال 17:28-31
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos