YouVersion Logo
تلاش

اعمال 1:2-24

اعمال 1:2-24 UCV

جَب عیدِ پِنتکُست کا دِن آیا، تو وہ سَب ایک جگہ جمع تھے۔ اَچانک آسمان سے آواز آئی جَیسے بڑی تیز آندھی چلنے لگی ہو اَور اُس سے وہ سارا گھر گوُنجنے لگا جہاں وہ بَیٹھے ہویٔے تھے اَور اُنہیں آگ کے شُعلوں کی سِی زبانیں دکھائی دیں جو جُدا جُدا ہوکر اُن میں سے ہر ایک پر ٹھہریں۔ اَور وہ سَب پاک رُوح سے معموُر ہو گئے اَور غَیرزبانیں بولنے لگے جِس طرح پاک رُوح نے اُنہیں قُوّت بخشی۔ اُس وقت بہت سے خُدا ترس یہُودی جو آسمان کے نیچے دُنیا کے ہر مُلک سے، یروشلیمؔ میں مَوجُود تھے۔ جَب اُنہُوں نے یہ آواز سُنی تو ہُجوم جمع ہو گیا اَور سَب کے سَب دنگ رہ گیٔے، کیونکہ ہر ایک نے اُنہیں اَپنی ہی بولی بولتے سُنا۔ اَور سَب اِنتہائی حیرت زدہ ہوکر پُوچھنے لگے: ”یہ بولنے والے کیا سَب کے سَب گلِیلی نہیں؟ پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ ہم میں سے ہر ایک اُن کے مُنہ سے اَپنے اَپنے وطن کی بولی سُن رہا ہے۔ ہم تو پارتھیا، مادِیا، عَیلامؔی؛ اَور مسوپتامیہؔ کے رِہائشی علاقے یہُودیؔہ، کپُدکیہؔ، پُنطُسؔ آسیہؔ، فرُوگِیہؔ اَور پَمفِیلؔیہ کے رہنے والے ہیں، اَور ہم مِصر اَور لِبیؔا کے علاقہ سے ہیں جو کُرینؔے کے نَزدیک ہے؛ ہم میں سے بعض صِرف رُومی مُسافر ہیں۔ خواہ یہُودی خواہ اُن کے مُرید کریتیؔ اَور عربؔی بھی ہیں مگر اَپنی اَپنی مادری زبان میں اُن سے خُدا کے عجِیب کاموں کا بَیان سُن رہے ہیں!“ وہ سَب بَڑے حیران ہویٔے اَور گھبرا کر ایک دُوسرے سے پُوچھنے لگے، ”یہ جو بول رہے ہیں اِس کا کیا مطلب ہے؟“ لیکن، بعض نے، اُن کی ہنسی اُڑا کر کہا، ”اُنہُوں نے انگور کا شِیرہ کچھ زِیادہ پی لیا ہے۔“ اِس پر پطرس باقی گیارہ رسولوں کے ساتھ، کھڑے ہو گئے اَور اُونچی آواز میں لوگوں سے یُوں خِطاب کیا: ”اَے یہُودیوں اَور یروشلیمؔ کے تمام باشِندو، میری بات توجّہ سے سُنو؛ میں بتاتا ہُوں کہ یہاں کیا ہو رہا ہے۔ جَیسا تُم سمجھ رہے ہو، یہ آدمی نشہ میں نہیں ہیں کیونکہ ابھی تو صُبح کے نَو ہی بجے ہیں۔ بَلکہ، یہ وہ بات ہے جو یوُایلؔ نبی کی مَعرفت کہی گئی تھی: ” ’آخِری دِنوں میں، خُدا فرماتا ہے، میں تمام لوگوں پر اَپنا رُوح نازل کروں گا۔ اَور تمہارے بیٹے اَور تمہاری بیٹیاں نبُوّت کریں گی، تمہارے نوجوان رُویا، اَور تمہارے بُزرگ خواب دیکھیں گے۔ بَلکہ میں اُن دِنوں میں اَپنے بندوں اَور بندیوں پر بھی، اَپنا رُوح نازل کروں گا، اَور وہ نبُوّت کریں گے۔ میں اُوپر آسمان پر معجزے اَور نیچے زمین پر کرشمے دکھاؤں گا، یعنی خُون اَور آگ اَور گاڑھا دھواں۔ سُورج تاریک ہو جائے گا اَور چاند خُون کی طرح سُرخ اِس سے قبل کہ خُداوؔند کا عظیم و جلیل دِن آ پہُنچے۔ اَورجو کویٔی خُداوؔند کا نام لے گا نَجات پایٔےگا۔‘ ”اَے اِسرائیلیو، یہ باتیں سُنو: حُضُور عیسیٰ ناصری ایک شخص تھے جنہیں خُدا نے تمہارے لیٔے بھیجاتھا اَور اِس بات کی تصدیق اُن عظیم معجزوں، کارناموں اَور نِشانوں سے ہوتی ہے، جسے خُدا نے حُضُور عیسیٰ کی مَعرفت تمہارے درمیان دکھائے، جَیسا کہ تُم خُود بھی جانتے ہو۔ یہ شخص حُضُور عیسیٰ خُدا کے مُقرّرہ اِنتظام اَور علم سابق کے مُطابق پکڑوائے گیٔے؛ تو تُم نے، حُضُور عیسیٰ کو بے شَرع کے ہاتھوں، صلیب پر ٹنگوا کر مار ڈالا۔ لیکن خُدا نے حُضُور عیسیٰ کو موت کے، شِکنجہ سے چھُڑا کر زندہ کر دیا، کیونکہ یہ ناممکن تھا کہ وہ موت کے قبضہ میں رہتے۔“

پڑھیں اعمال 2