YouVersion Logo
تلاش

اعمال 16:16-24

اعمال 16:16-24 UCV

ایک مرتبہ جَب ہم دعا کے مقام کی طرف جا رہے تھے تو ہمیں ایک کنیز مِلی جِس میں ایک غیب دانؔ رُوح تھی۔ وہ آئندہ کا حال بتا کر اَپنے آقاؤں کے لیٔے بہت کچھ کماتی تھی۔ اُس لڑکی نے پَولُسؔ کا اَور ہمارا پیچھا کرنا شروع کر دیا اَور چِلّا چِلّاکر کہنے لگی، ”یہ لوگ خُداتعالیٰ کے خادِم ہیں جو تُمہیں نَجات کا راستہ بتاتے ہیں۔“ وہ کیٔی دِنوں تک اَیسا ہی کرتی رہی۔ بلآخر پَولُسؔ اِس قدر تنگ آ گئے کہ اُنہُوں نے مُڑ کر اُس رُوح سے کہا، ”میں تُجھے حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے نام سے حُکم دیتا ہُوں کہ اِس میں سے نِکل جا!“ اَور اُسی گھڑی وہ رُوح اُس لڑکی میں سے نِکل گئی۔ جَب اُس کے آقاؤں نے دیکھا کہ اُن کی کمائی کی اُمّید جاتی رہی تو وہ پَولُسؔ اَور سِیلاسؔ کو پکڑکر شہر کے چَوک میں حُکاّم کے پاس لے گیٔے۔ اُنہُوں نے پَولُسؔ اَور سِیلاسؔ کو کَچہری میں پیش کیا اَور کہا، ”یہ لوگ یہُودی ہیں اَور ہمارے شہر میں بڑی کھلبلی مچا رہے ہیں اَور اَیسی رسَموُں کی تعلیم دیتے ہیں جِن کا ماَننا یا اُن پر عَمل کرنا ہم رُومیوں کو ہر گز جائز نہیں۔“ یہ سُن کر عوام بھی اُن کے ساتھ مِل گیٔے اَور پَولُسؔ اَور سِیلاسؔ کی مُخالفت پر اُتر آئے، اِس پر عدالت کے حُکاّم نے اُن کی پوشاک پھاڑ کر اُنہیں ننگا کروا کر پِٹوانے کا حُکم دیا۔ چنانچہ سپاہیوں نے اُنہیں خُوب بیت لگائے اَور قَید خانہ میں ڈال دیا۔ قیدخانہ کے داروغہ کو حُکم دیا گیا کہ اُن کی پُوری نگہبانی کرے۔ یہ حُکم پا کر داروغہ نے اُنہیں ایک کال کوٹھڑی میں بند کر دیا اَور اُن کے پیروں کو لکڑی میں ٹھونک دیا۔

پڑھیں اعمال 16

سنیں اعمال 16