اُن ہی دِنوں ہیرودیسؔ بادشاہ نے جماعت کے، کچھ افراد کو گِرفتار کر لیا تاکہ اُنہیں اَذیّت پہنچائے۔ اَور یُوحنّؔا کے بھایٔی، یعقوب، کو تلوار سے قتل کروا دیا۔ جَب اُس نے دیکھا کہ یہُودیوں نے اِس بات کو پسند کیا، تو اُس نے عیدِفطیر کے دِنوں میں پطرس کو بھی گِرفتار کر لیا۔ پطرس کو گِرفتار کرنے کے بعد، ہیرودیسؔ نے اُنہیں قَید خانہ میں ڈلوادِیا، اَور نگہبانی کے لیٔے پہرہ داروں کے چار دستے مُقرّر کر دئیے۔ ہر دستہ چار چار سپاہیوں پر مُشتمل تھا۔ ہیرودیسؔ کا اِرادہ تھا کہ عیدِفسح کے بعد وہ آپ کو عوام کے سامنے حاضِر کرے گا۔ پطرس تو سخت قَید میں تھے مگر ساری جماعت آپ کے لیٔے خُدا سے دل و جان سے دعا میں مشغُول تھی۔ ہیرودیسؔ کے آپ کو لوگوں کے سامنے لانے سے ایک رات پہلے، جَب پطرس دو پہرہ داروں کے درمیان زنجیروں سے جکڑے ہویٔے پڑے سو رہے تھے، اَور سپاہی قَید خانہ کے دروازہ پر پہرہ دے رہے تھے۔ تو اَچانک خُداوؔند کا ایک فرشتہ ظاہر ہُوا اَور ساری کوٹھری مُنوّر ہو گئی۔ فرشتہ نے پطرس کے ایک طرف مارا آپ کو جگایا۔ اَور کہا، ”اُٹھ، جلدی کر“ اَور زنجیریں پطرس کی کلائیوں میں سے کھُل کر گرگئیں۔ فرشتہ نے پطرس سے کہا، ”اَپنی کمر باندھ اَور جُوتی پہن لے۔“ پطرس نے اَیسا ہی کیا۔ پھر کہا، اَپنی چوغہ پہن لے اَور میرے پیچھے پیچھے چَلا آ۔ پطرس اُس کے پیچھے پیچھے قَید خانہ سے باہر نِکل آئے، لیکن آپ کو مَعلُوم نہ تھا کہ فرشتہ جو کچھ کر رہا ہے وہ حقیقت ہے یا وہ کویٔی رُویا دیکھ رہے ہیں۔ وہ پہرہ کے پہلے اَور پھر دُوسرے حلقہ میں سے نِکل کر باہر آئے اَور لوہے کے پھاٹک کے پاس پہُنچے جو شہر کی طرف کھُلتا تھا۔ وہ پھاٹک اُن کے لیٔے اَپنے آپ ہی کھُل گیا، اَور وہ اُس میں سے گزرے۔ باہر نِکل کر کوچہ کے آخِر تک پہُنچے اَچانک فرشتہ پطرس کو چھوڑکر چَلا گیا۔ پطرس کے حواس دُرست ہویٔے تو وہ کہنے لگے، ”اَب مُجھے پُورا یقین ہو گیا کہ خُداوؔند نے اَپنے فرشتہ کو بھیج کر مُجھے ہیرودیسؔ کے پنجہ سے چھُڑا لیا اَور یُوں یہُودیوں کے اِرادہ کو ناکام کر دیا۔“ جَب وہ اِس واقعہ پر غور کرچُکے تو مریمؔ کے گھر آئے جو اُن یُوحنّؔا کی ماں تھیں جو مرقُسؔ کہلاتےتھے، جہاں بہت سے لوگ جمع ہوکر دعا کر رہے تھے۔ پطرس نے باہر کا دروازہ کھٹکھٹایا، تو ایک کنیز جِس کا نام رُدیؔ تھا دروازہ کھولنے آئی۔ جَب اُس نے پطرس کی آواز پہچان لی تو اِس قدر خُوش ہویٔی کہ دروازہ کھولے بغیر ہی واپس دوڑی آئی اَور کہنے لگی، ”پطرس باہر دروازہ پر ہیں!“ ”اُنہُوں نے کہا، کیا تو پاگل ہو گئی ہے،“ لیکن جَب اُس نے اِصرار کیا کہ وہ پطرس ہی ہیں تو وہ کہنے لگے، ”پطرس کا فرشتہ ہوگا۔“ لیکن پطرس باہر دروازہ کھٹکھٹاتےرہے۔ جَب اُنہُوں نے آکر دروازہ کھولا، تو پطرس کو دیکھ کر حیران رہ گیٔے۔ پطرس نے اُنہیں ہاتھ سے اِشارہ کیا کہ خاموش رہیں اَور پھر اَندر آکر سارا واقعہ کہہ سُنایا کہ کِس طرح خُداوؔند نے اُنہیں قَید خانہ سے باہر نکالا۔ آپ نے فرمایا، ”یعقوب اَور دُوسرے مَسیحی بھائیوں اَور بہنوں کو بھی اِس کی خبر کردینا“ اَور خُود کسی دُوسری جگہ کے لیٔے روانہ ہو گئے۔
پڑھیں اعمال 12
سنیں اعمال 12
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: اعمال 1:12-17
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos