YouVersion Logo
تلاش

2 تِیمُتھِیُس 10:3-17

2 تِیمُتھِیُس 10:3-17 UCV

لیکن تِیمُتھِیُس میری تعلیم، چال چلن اَور زندگی کے مقصد سے خُوب واقف ہے۔ تُم میرے ایمان، تحمُّل، مَحَبّت اَور میرے صبر کو جانتے ہو۔ تُمہیں مَعلُوم ہے کہ مُجھے کِس طرح ستایا گیا اَور میں نے کیا کیا مُصیبتیں اُٹھائیں یعنی وہ مُصیبتیں جو انطاکِیہؔ، اِکُنِیُم اَور لُسترہؔ شہروں میں، مُجھ پر آ پڑی تھیں۔ مگر خُداوؔند نے مُجھے اُن سَب مُصیبتوں سے رِہائی بخشی۔ دراصل جتنے لوگ المسیؔح عیسیٰ میں دیندار زندگی گزارنا چاہتے ہیں وہ سَب ستائے جایٔیں گے۔ لیکن بدکار، دغاباز لوگ فریب دیتے اَور فریب کھاتے ہوئے بگڑتے چلے جایٔیں گے۔ لیکن تُو اُن باتوں پر قائِم رہ جو تُونے سیکھی ہیں اَور جِن کا تُجھے پُورا یقین ہے، کیونکہ تُجھے مَعلُوم ہے کہ تُونے اُن باتوں کو کِس سے سیکھا ہے۔ اَور کِس طرح تُم بچپن سے اُن مُقدّس صحیفوں سے واقف ہو جو تُمہیں وہ عِرفان بَخشتی ہیں جِس سے المسیؔح عیسیٰ پر ایمان لانے سے نَجات حاصل ہوتی ہے۔ کیونکہ ہر صحیفہ جو خُدا کے اِلہام سے وُجُود میں آیا ہے، وہ تعلیم دینے، تنبیہ کرنے، اِصلاح اَور راستبازی میں تربّیت دینے کے لیٔے مفید ہے، تاکہ خُدا کا خادِم پُوری طرح سے قابِل بنے اَور ہر نیک کام کے لیٔے بالکُل تیّار ہو جائے۔