2 کُرِنتھِیوں 5:4-12

2 کُرِنتھِیوں 5:4-12 UCV

کیونکہ ہم اَپنی نہیں، بَلکہ یِسوعؔ المسیح کی مُنادی کرتے ہیں کہ وُہی خُداوؔند ہیں، اَور اَپنے حق میں یہی کہتے ہیں کہ ہم المسیح کی خاطِر تمہارے غُلام ہیں۔ اِس لیٔے کہ وہ خُدا جِس نے فرمایا: ”تاریکی میں سے نُور چمکے،“ وُہی ہمارے دِلوں میں چمکا تاکہ ہم پہچان سکیں کہ جو نُور یِسوعؔ المسیح کے چہرہ سے جلوہ گِر ہے وہ خُدا کے جلال کا نُور ہے۔ لیکن ہمارے پاس یہ خزانہ مٹّی کے برتنوں میں رکھا گیا ہے تاکہ ظاہر ہو جائے کہ یہ لامحدود قُدرت خُدا کی طرف سے ہے نہ کہ ہماری طرف سے۔ ہم ہر طرف سے دبائے جاتے ہیں، لیکن کُچلے نہیں جاتے؛ پریشان تو ہوتے ہیں، لیکن نا اُمّید نہیں ہوتے؛ ستائے جاتے ہیں، لیکن اکیلے نہیں چھوڑے جاتے؛ زخم کھاتے ہیں، لیکن ہلاک نہیں ہوتے۔ ہم اَپنے بَدن میں یِسوعؔ کی موت لیٔے پھرتے ہیں، تاکہ یِسوعؔ کی زندگی بھی ہمارے بَدن میں ظاہر ہو۔ کیونکہ ہم عمر بھر یِسوعؔ کی خاطِر موت کا مُنہ دیکھتے رہتے ہیں، تاکہ یِسوعؔ کی زندگی بھی ہمارے فانی بَدن میں ظاہر ہو۔ پس موت تو ہم میں کام کرتی ہے، لیکن زندگی تُم میں۔