YouVersion Logo
تلاش

2 کُرِنتھِیوں 16:11-30

2 کُرِنتھِیوں 16:11-30 UCV

میں پھر کہتا ہُوں: کویٔی مُجھے بے وقُوف نہ سمجھے۔ لیکن اگر تُم مُجھے بے وقُوف سمجھتے ہو، تو بھی میری سُن لو تاکہ میں بھی تھوڑا سا فخر کر سکوں۔ میں جو کچھ کہہ رہا ہُوں وہ خُداوؔند کی طرح نہیں بَلکہ ایک بے وقُوف کی طرح کہہ رہا ہُوں، جو اَپنے آپ پر فخر کرنے کی جُرأت کرتا ہے۔ جَب بہت سے لوگ دُنیوی باتوں کی بنا پر فخر کرتے ہیں، تو میں بھی کروں گا۔ تُم عقلمند ہوتے ہویٔے بھی بے وقُوفوں کی باتیں بخُوشی سُن لیتے ہو! درحقیقت، اگر کویٔی تُمہیں غُلام بناتا ہے یا تُمہیں لُوٹتا ہے، یا تُمہیں فریب دیتاہے یا تُم پر رُعب جماتا ہے، اَور تھپّڑ رسیِد کرتا ہے تو تُم یہ بھی برداشت کرلیتے ہو۔ مُجھے شرم آتی ہے کہ ہم اَیسوں کے مُقابلہ میں بَڑے کمزور نکلے! اگر کسی کو کسی بات پر فخر کرنے کی جُرأت ہے تو اَیسی جُرأت مُجھے بھی ہے۔ یہ بات میں کسی بے وقُوف کی طرح کہہ رہا ہُوں۔ کیا وُہی عِبرانی ہیں؟ میں بھی تو ہُوں۔ کیا وُہی اِسرائیلی ہیں؟ میں بھی تو ہُوں۔ کیا وُہی حضرت اِبراہیمؔ کی نَسل ہیں؟ میں بھی تو ہُوں۔ کیا وُہی، المسیؔح کے خادِم ہیں؟ میں اُن سے بڑھ کر ہُوں (میرا یہ کہنا پاگل پن سہی۔) میں نے اُن سے بڑھ کر محنت کی ہے، اُن سے زِیادہ قَید کاٹی ہے، اُن سے کہیں زِیادہ کوڑے کھائے ہیں۔ میں نے کیٔی بار موت کا سامنا کیا ہے۔ میں نے یہُودیوں کے ہاتھوں پانچ دفعہ ایک کم چالیس، کوڑے کھائے۔ تین دفعہ رُومیوں نے مُجھے چھڑیوں سے پِیٹا، ایک دفعہ سنگسار بھی کیا، تین دفعہ جہاز کی تباہی کا سامنا کیا، ایک دِن اَور ایک رات کھُلے سمُندر میں بہتا پھرا، میں اَپنے سفر کے دَوران بارہا دریاؤں کے خطروں میں، ڈاکوؤں کے خطروں میں، اَپنی قوم کے اَور غَیریہُودیوں کے، شہر کے، بیابان کے، سمُندر کے خطروں میں؛ جھُوٹے مُومِنِین بھائیوں کے خطروں میں گھِرا رہا ہُوں۔ میں نے محنت کی ہے، مشقّت سے کام لیا ہے، اکثر نیند کے بغیر رہا ہُوں؛ میں نے بھُوک پیاس برداشت کرکے اکثر فاقہ کیا؛ میں نے سردی میں بغیر کپڑوں کے گزارا کیا ہے۔ کیٔی اَور باتوں کے علاوہ، تمام جماعتوں کی فکر کا بوجھ مُجھے ستاتا رہا ہے۔ کِس کی کمزوری سے میں کمزور نہیں ہوتا، اَور کِس کے گُناہوں میں مبتلا ہونے پر میرا دل نہیں دُکھتا؟ اگر مُجھے فخر کرنا ہی ہے، تو میں اُن باتوں پر فخر کروں گا جو میری کمزوری کو ظاہر کرتی ہیں۔