YouVersion Logo
تلاش

2 کُرِنتھِیوں 1:1-11

2 کُرِنتھِیوں 1:1-11 UCV

پَولُسؔ کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے المسیؔح عیسیٰ کے رسول ہیں، اَور بھایٔی تِیمُتھِیُس کی طرف سے بھی، خُدا کی جماعت کے نام جو کُرِنتھُسؔ شہر میں ہے اَور تمام صُوبہ اَخیہؔ کے سَب مَسیحی مُقدّسین کے نام یہ خط لِکھّا: ہمارے خُدا باپ اَور ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے خُدا اَور باپ کی حَمد ہو، وہ نہایت ہی رحیم باپ ہے اَور ہر طرح کی تسلّی دینے والا خُدا ہے، وُہی ہماری ساری مُصیبتوں میں ہمیں تسلّی دیتاہے، تاکہ ہم اُس خُدا داد تسلّی سے دُوسروں کو بھی تسلّی دے سکیں جو کسی بھی طرح کی مُصیبت میں مُبتلا ہیں۔ کیونکہ جِس طرح المسیؔح کی خاطِر ہمارے دُکھ بڑھتے جاتے ہیں، اُسی طرح ہمیں المسیؔح کے وسیلہ سے تسلّی بھی زِیادہ ملتی ہے۔ اگر ہم مُصیبت اُٹھاتے ہیں، تو تمہاری تسلّی اَور نَجات کے لیٔے اُٹھاتے ہیں؛ اَور اگر تسلّی پاتے ہیں، تو وہ بھی تمہاری تسلّی کے واسطے، اُس تسلّی کا اثر یہ ہوگا کہ تُم بھی اُن مُصیبتوں کو صبر کے ساتھ برداشت کر سکوگے جنہیں ہم برداشت کرتے ہیں۔ اَور ہم تمہاری طرف سے بَڑے پُر اُمّید ہیں، کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ جِس طرح تُم تکالیف میں ہمارے شریک ہو، اُسی طرح ہماری تسلّی میں بھی شریک ہو۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! ہم نہیں چاہتے کہ تُم ہماری اُس مُصیبت سے بے خبر رہو جو صُوبہ آسیہؔ میں ہم پر آئی۔ یہ مُصیبت اِس قدر شدید اَور ہماری قُوّت برداشت سے باہر تھی، کہ ہم تو اَپنی زندگی سے بھی ہاتھ دھو بَیٹھے تھے۔ ہمیں یقین تھا کہ ہماری موت کا فتویٰ صادر ہو چُکاہے۔ لیکن اِس تجربہ نے ہمیں اَپنے آپ کی بجائے اُس خُدا پر بھروسا رکھنا سِکھایا، جو مُردوں کو زندہ کرتا ہے۔ خُدا نے ہمیں بڑی ہلاکت سے رِہائی بخشی، اَور بَخشے گا۔ اَور ہمیں خُدا سے اُمّید ہے کہ وہ آئندہ بھی رِہائی بخشتا رہے گا۔ اگر تُم مِل کر دعا سے ہماری مدد کرو گے۔ تو وہ فضل جو بہت سے لوگوں کی دعاؤں کے وسیلہ سے ہم پر ہُواہے، اُس کے لیٔے بہت سے لوگ ہماری خاطِر خُدا کا شُکر اَدا کریں گے۔

اس 2 کُرِنتھِیوں 1:1-11 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام