جَب داویؔد شاؤل سے باتیں کرچکے تو یُوناتانؔ کا دِل داویؔد کے دِل سے اِتنا قریب ہو گیا کہ یُوناتانؔ اُس سے اَپنی جان کے برابر مَحَبّت کرنے لگے۔ اَور شاؤل نے اُس دِن سے اُنہیں اَپنے ساتھ رکھا اَور پھر اُنہیں اَپنے باپ کے گھر واپس نہ جانے دیا۔ اَور یُوناتانؔ نے داویؔد کے ساتھ عہد باندھا کیونکہ وہ اُن سے اَپنی جان کے برابر مَحَبّت رکھتے تھے۔ اَور یُوناتانؔ نے وہ لباس جو وہ پہنے ہُوئے تھے اُتار کر داویؔد کو دیا اَور اَپنی پوشاک بَلکہ اَپنی تلوار اَور کمان اَور اَپنا کمربند تک اُنہیں دے دی۔ اَور شاؤل نے اُسے جِس بھی مُہم پر بھیجا داویؔد نے اُسے اَیسی کامیابی سے سَر اَنجام دیا کہ شاؤل نے داویؔد کو فَوج میں ایک اعلیٰ عہدہ دے دیا۔ اِس بات سے سَب لوگ اَور داویؔد کے اہلکار بھی بڑے خُوش ہُوئے۔ اُس فلسطینی کے داویؔد کے ہاتھوں مارے جانے کے بعد جَب لوگ گھر لَوٹ رہے تھے تو اِسرائیل کے سَب شہروں کی عورتیں دف اَور بربط کے ساتھ خُوشی کے نغمہ گاتی اَور رقص کرتی ہُوئی شاؤل بادشاہ کا اِستِقبال کرنے باہر نکلیں۔ وہ ناچتی ہُوئی یہ نغمہ گا رہی تھیں: ”شاؤل نے ہزاروں کو مارا ہے، اَور داویؔد نے دس ہزار کو مارا ہے۔“ شاؤل کو بہت غُصّہ آیا کیونکہ نغمہ کے الفاظ اُسے پسند نہ تھے۔ ”اُنہُوں نے داویؔد کو تو دس ہزار کا مارنے والا کہا،“ اُس نے سوچا، ”لیکن مُجھے صِرف ہزاروں کا۔ لہٰذا اَب تو اُن کی نظر بادشاہی حاصل کرنے پر لگی رہے گی؟“ پس اُس دِن سے شاؤل کا دِل داویؔد کی طرف سے بدگُمانی میں مُبتلا ہو گیا۔ اگلے دِن خُدا کی طرف سے ایک بُری رُوح بڑے زور سے شاؤل پر نازل ہُوئی اَور وہ گھر کے اَندر نبُوّت کرنے لگے۔ اُس وقت داویؔد معمول کے مُطابق بربط بجا رہے تھے۔ شاؤل کے ہاتھ میں بھالا تھا۔ شاؤل نے نیزے کو داویؔد کی طرف زور سے پھینکا کیونکہ اُس کا خیال تھا، ”میں داویؔد کو دیوار کے ساتھ چھید دُوں گا۔“ لیکن داویؔد دو دفعہ اُس سے بچ نکلے۔ اَور شاؤل داویؔد سے ڈرتے تھے کیونکہ یَاہوِہ داویؔد کے ساتھ تھے۔ لیکن یَاہوِہ نے شاؤل سے مُنہ پھیر لیا تھا۔ پس شاؤل نے داویؔد کو اَپنے سے دُور بھیج دیا اَور اُنہیں ایک ہزار جَوانوں کا سردار بنا دیا اَور داویؔد فَوجی مہموں میں اُن کی رہنمائی کیا کرتے تھے۔ اَورجو کچھ بھی اُس نے کیا اُس میں اُسے بڑی کامیابی مِلی کیونکہ یَاہوِہ داویؔد کے ساتھ تھے۔ جَب شاؤل نے دیکھا کہ وہ کس قدر کامیاب ثابت ہُوئے ہیں تو وہ اُن سے خوف کھانے لگے۔ لیکن تمام اِسرائیل اَور یہُوداہؔ کے باشِندے داویؔد کو پسند کرتے تھے کیونکہ وہ ہر مُہم میں اُن کی رہنمائی کرتے تھے۔
پڑھیں 1 شموایلؔ 18
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: 1 شموایلؔ 1:18-16
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos