YouVersion Logo
تلاش

1 پطرس 11:2-24

1 پطرس 11:2-24 UCV

اَے عزیزوں! تُم جو مہاجِروں اَور پردیسیوں کی مانند زندگی گزار رہے ہو، میں تمہاری مِنّت کرتا ہُوں کہ تُم اُن بُری جِسمانی خواہشوں سے دُور رہو جو تمہاری رُوح سے لڑائی کرتی رہتی ہیں۔ اَور غَیریہُودیوں میں اَپنا چال چلن اَیسا نیک رکھو تاکہ جِن باتوں میں وہ تُمہیں بدکار جان کر تمہاری بدگوئی کرتے ہیں، وُہی تمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر اُنہیں کے سبب سے خُدا کے ظہُور کے دِن اُس کی تمجید کریں۔ خُداوؔند کی خاطِر، اِنسان کے ہر ایک اِنتظام کے تابع رہو؛ بادشاہ کے اِس لیٔے کہ وہ سَب سے اعلیٰ اِختیار والا ہے۔ حاکموں کے اِس لیٔے کہ خُدا نے اُنہیں بدکاروں کو سزا دینے اَور نیکوکاروں کی تعریف کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا ہے۔ کیونکہ خُدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم نیکی کرکے نادان لوگوں کی جہالت کی باتوں کو بند کر دو۔ اَور تُم خُود کو آزاد جانو، مگر اَپنی اِس آزادی کو بدکاری کی لیٔے اِستعمال نہ کرو، بَلکہ خُدا کے بندوں کی طرح زندگی بسر کرو۔ سَب کا مُناسب اِحترام کرو، اَپنی مُومِنین برادری سے مَحَبّت رکھو، خُدا سے ڈرو اَور بادشاہ کی تعظیم کرو۔ اَے غُلاموں! بڑے خوف اَور اِحترام کے ساتھ اَپنے مالکوں کے تابع رہو، نیک اَور حلیم مالکوں کے ہی نہیں بَلکہ بُرے مالکوں کے بھی تابع رہو۔ کیونکہ اگر تُم صبر کے ساتھ بےاِنصافی کے باعث یہ جان کر تکلیفوں کو برداشت کرتے ہو کہ جو تُم کر رہے ہو وہ صحیح ہے تو خُدا کی نظر میں یہ بات قابلِ تعریف ہے۔ لیکن اگر تُم نے قُصُور کرکے تھپّڑ کھائے اَور صبر کیا تو کیا یہ کویٔی فخر کی بات ہے؟ ہاں، اگر نیکی کرنے کے باوُجُود دُکھ پاتے اَور صبر سے کام لیتے ہو تو یہ بات خُدا کی نظر میں قابلِ تعریف ہے۔ اَور تُمہیں بھی اِسی چال چلن کے لیٔے بُلایا گیا ہے، کیونکہ المسیح نے بھی تمہارے واسطے دُکھ اُٹھاکر ایک مثال قائِم کر دی ہے تاکہ تُم اُن کے نقش قدم پر چلو۔ ”کیونکہ المسیح نے نہ تو کویٔی گُناہ کیا، اَور نہ ہی اُن کے مُنہ سے کویٔی فریب کی بات نکلی۔“ جَب لوگوں نے اُنہیں گَالِیاں دیں تو حُضُور نے جَواب میں کبھی گَالی نہ دی، اَور نہ دُکھ پا کر کبھی کسی کو دھمکی دی، بَلکہ اَپنے آپ کو سچّے اِنصاف کرنے والے خُدا کے حوالہ کرتے تھے۔ وہ خُود ہمارے گُناہوں کو اَپنے بَدن پر لیٔے ہویٔے صلیب پر چڑھ گیا تاکہ ہم گُناہوں کے لیٔے مُردہ اَور راستبازی کے لیٔے زندہ ہو جایٔیں۔ اَور اُسی کے مار کھانے سے تُم نے شفا پائی ہے۔

پڑھیں 1 پطرس 2

سنیں 1 پطرس 2