اِس کے بعد شُلومونؔ بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے سامنے یَاہوِہ کے مذبح کے آگے کھڑے ہُوئے اَور اَپنے ہاتھ پھیلائے اَور دعا مانگی: ”اَے یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا، آپ کی مانند نہ تو اُوپر آسمان میں اَور نہ نیچے زمین پر کویٔی خُدا ہے۔ جو اَپنے اُن خادِموں پر اَپنی بے پناہ مَحَبّت ظاہر کرتے اَور اَپنے عہد کو پُورا کرتے ہیں، جو پُورے دِل سے آپ کی راہ پر چلتے ہیں۔ آپ نے اَپنے خادِم میرے باپ داویؔد کے ساتھ کیا ہُوا اَپنا وعدہ پُورا کیا ہے۔ آج آپ نے اَپنے مُنہ کے کلام کو اَپنے ہاتھ سے پُورا کر دیا ہے جَیسا کہ آج کے دِن ظاہر ہے۔ ”اَب اَے یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا، آپ اَپنے خادِم میرے باپ داویؔد کے ساتھ کیٔے گیٔے اَپنے اُن وعدوں کو بھی پُورا کرنا، جو آپ نے داویؔد سے کیا تھا، ’میرے حُضُور اِسرائیل کے تخت پر بیٹھنے والے جانشین اَشخاص کی کبھی کمی نہ ہوگی اگر تمہارا خاندان اَپنی سَب راہوں میں احتیاط سے ٹھیک اُسی طرح چلے جَیسا کہ تُم پُورے دِل سے میرے پیچھے چلتےہو۔‘ چنانچہ اَب اَے بنی اِسرائیل کے خُدا، آپ اَپنے اُس قول کو پُورا کریں جو آپ نے اَپنے خادِم، میرے باپ داویؔد سے کی تھی۔ ”لیکن کیا خُدا واقعی زمین پر سکونت کریں گے؟ آپ تو آسمان بَلکہ سَب سے اُونچے آسمان میں بھی نہیں سما سکتے، تو پھر جو بیت المُقدّس مَیں نے تعمیر کرایا ہے اُس میں آپ کیسے سما سکتے ہیں! پھر بھی اَے یَاہوِہ میرے خُدا، اَپنے رحم و کرم سے اَپنے خادِم کی دعا اَور مِنّت کی طرف مُتوجّہ ہوں، اَور اَپنے خادِم کی اِس دعا اَور فریاد کو سُن لیں جو آج آپ کے حُضُور میں پیش کر رہاہے۔ آپ کی آنکھیں اِس بیت المُقدّس کی طرف دِن اَور رات لگی رہیں! آپ نے اِسی مقام کی بابت فرمایا تھا، ’میں اَپنا جلالی نام وہاں قائِم رکھوں گا،‘ تاکہ جو دعا آپ کا خادِم اِس مقام کی طرف رُخ کرکے مانگے اُسے آپ سُن کر جَواب دیں گے۔ جَب آپ کا خادِم اَور آپ کی قوم بنی اِسرائیل اِس مقام کی طرف رُخ کرکے آپ سے فریاد کریں۔ تو آپ آسمان پر سے جو آپ کی قِیام گاہ ہے، آپ سُنیں اَور سُن کر مُعاف کر دیں۔ ”اَور جَب کویٔی شخص اَپنے پڑوسی پر ظُلم کرے اَور اُسے قَسم کھِلانے کے واسطے حلف اُٹھانے کو کہا جائے اَور وہ آئے اَور اِس بیت المُقدّس میں آپ کے مذبح کے سامنے قَسم کھا کر حلف اُٹھائے، تَب آپ آسمان سے سُن لینا اَور عَمل کرنا اَور اَپنے خادِموں کا اِنصاف کرنا اَور بدکار کو اُس کے کئے کی سزا اَور معصُوم کو بے قُصُور ٹھہرا کر اُسے نیک جزا دینا۔ ”اَور جَب آپ کی اُمّت بنی اِسرائیل، آپ کے خِلاف گُناہ کرنے کے باعث اَپنے دُشمنوں سے شِکست کھائے لیکن بعد میں تَوبہ کرکے اَور آپ کے جلالی نام کا اقرار کرکے اِس بیت المُقدّس میں آپ کے حُضُور دعا اَور فریاد کرے، تَب آپ آسمان پر سے سُن کر اَپنی اُمّت بنی اِسرائیل کا گُناہ مُعاف کردینا اَور اُنہیں اِس مُلک میں واپس لے آنا، جو آپ نے اُن کے آباؤاَجداد کو دیا تھا۔ ”اَور جَب اِس سبب سے کہ آپ کے لوگوں نے آپ کے خِلاف گُناہ کیا ہے آسمان بندہو جائے اَور بارش نہ ہو اَور آپ اُنہیں مُصیبت میں ڈال دیں اَور وہ اِس مقام کی طرف رُخ کرکے دعا کریں اَور آپ کے نام کا اقرار کریں اَور اَپنے گُناہ سے تَوبہ کریں، تو آپ آسمان پر سے سُن لینا اَور اَپنے خادِموں یعنی اَپنی قوم بنی اِسرائیل کے گُناہ مُعاف کردینا۔ اُنہیں نیک راہ پر چلنے کی ہدایت دینا اَور اُس مُلک پر مینہ برسانا جسے بطور مِیراث آپ نے اَپنے لوگوں کو دیا ہے۔ ”اَور جَب اُس مُلک میں قحط یا وَبا یا بادِ سموم یا پھپھُوندی، ٹِڈّیوں یا اِلّیوں کا حملہ ہو، یا کویٔی دُشمن اُن کے کسی شہر کا محاصرہ کر لے، خواہ کویٔی بھی آفت یا بیماری اُن پر آ جایٔے، اَور جَب آپ کی قوم بنی اِسرائیل میں سے کویٔی آدمی اَپنی مُصیبتوں کے باعث اِس بیت المُقدّس کی طرف اَپنے ہاتھ پھیلا کر دعا یا فریاد کرے، تب آپ آسمان پر سے جو آپ کی قِیام گاہ ہے، سُن کر مُعاف کردینا اَور ہر شخص کو جِن کے دِلوں کو آپ جانتے ہیں، اُن کے اعمال کے مُطابق بدلہ دینا؛ کیونکہ صرف آپ ہی اِنسانوں کے دِلوں کو جانتے ہیں، تاکہ جَب تک وہ اِس مُلک میں جسے آپ نے ہمارے آباؤاَجداد کو دیا تھا، زندہ رہیں، اَور آپ کا خوف مانیں۔ ”اَور وہ پردیسی جو آپ کی قوم بنی اِسرائیل میں سے نہیں ہے لیکن آپ کے نام کی شہرت سُن کر دُور دراز مُلک سے آئے، کیونکہ وہ آپ کے عظیم نام اَور قوی ہاتھ اَور پھیلائے ہُوئے بازو کا حال سُنیں گے اِس لیٔے جَب وہ آئیں اَور اِس بیت المُقدّس کی طرف رُخ کرکے دعا کریں، تَب آپ آسمان پر سے جو آپ کی قِیام گاہ ہے سُنیں اَورجو کچھ بھی وہ پردیسی آپ سے فریاد کریں، اُس کی مُراد پُوری کریں تاکہ رُوئے زمین کی سَب قومیں آپ کے نام کو جانیں اَور آپ کی اَپنی اُمّت بنی اِسرائیل کی طرح آپ کا خوف مانیں اَور جان لیں کہ یہ بیت المُقدّس جو مَیں نے تعمیر کرائی ہے آپ کے نام سے منسوب ہے۔
پڑھیں 1 سلاطین 8
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: 1 سلاطین 22:8-43
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos