YouVersion Logo
تلاش

1 یُوحنّا 11:4-19

1 یُوحنّا 11:4-19 UCV

اَے عزیز دوستوں! جَب خُدا نے ہم سے اَیسی مَحَبّت رکھی تو لازِم ہے کہ ہم بھی ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھیں۔ خُدا کو کسی نے کبھی نہیں دیکھا لیکن اگر ہم ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھتے ہیں تو خُدا ہمارے اَندر رہتاہے اَور اُس کی مَحَبّت ہمارے دِلوں میں کامِل ہو جاتی ہے۔ چونکہ خُدا نے اَپنا پاک رُوح ہمیں عطا فرمایاہے اِس لیٔے ہم جانتے ہیں کہ وہ ہم میں اَور ہم اُس میں قائِم رہتے ہیں۔ اَور ہم نے دیکھ لیا ہے اَور اَب گواہی دیتے ہیں کہ آسمانی باپ نے اَپنے بیٹے کو دُنیا کا مُنجّی بنا کر بھیجا ہے۔ جو کویٔی اقرار کرتا ہے کہ یِسوعؔ خُدا کے بیٹے ہیں، تو خُدا اُن کے اَندر اَور وہ خُدا میں پایٔے جاتے ہیں۔ اَور اِس لیٔے جو مَحَبّت خُدا کو ہم سے ہے، اُس مَحَبّت کو ہم جان گیٔے ہیں اَور ہمیں اُس کے مَحَبّت کا یقین ہے۔ خُدا مَحَبّت ہے اَورجو مَحَبّت میں قائِم رہتاہے وہ خُدا میں اَور خُدا اُس میں قائِم رہتاہے۔ پس اِسی سبب سے مَحَبّت ہمارے درمیان کامِل ہو چُکی ہے، اِس لیٔے ہم اِنصاف کے دِن پُوری دِلیری کے ساتھ کھڑے ہو سکیں گے کیونکہ ہم اِس دُنیا میں یِسوعؔ کی مانند زندگی گزار رہے ہیں۔ مَحَبّت میں ذرا سا بھی خوف نہیں ہوتا۔ لیکن کامِل مَحَبّت خوف کو دُور کردیتی ہے کیونکہ خوف کا تعلّق سزا سے ہوتاہے۔ اَورجو کویٔی خوف رکھتا ہے وہ مَحَبّت میں کامِل نہیں ہوتا۔ ہم اِس لیٔے مَحَبّت رکھتے ہیں کیونکہ پہلے خُدا نے ہم سے مَحَبّت رکھی۔