YouVersion Logo
تلاش

1 کُرِنتھِیوں 1:2-16

1 کُرِنتھِیوں 1:2-16 UCV

اَے بھائیو اَور بہنوں! جَب میں تمہارے پاس آیاتھا تو میرا مقصد یہ نہ تھا کہ خُدا کے بھید کی گواہی دینے میں اعلیٰ درجہ کی خِطابت اَور حِکمت سے کام لُوں۔ کیونکہ میں نے فیصلہ کیا ہُوا تھا کہ جَب تک تمہارے درمیان رہُوں گا خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح مصلُوب کی مُنادی کے سِوا کسی اَور بات پر زور نہ دُوں گا۔ جَب میں تمہارے پاس آیا تو اَپنے آپ کو کمزور محسُوس کرتا بَلکہ ڈر کے مارے کانپتا ہُوا آیا۔ میرا پیغام اَور میری مُنادی دونوں دانائی کے پُر اثر الفاظ سے خالی تھے لیکن اُن سے پاک رُوح کی قُوّت ثابت ہوتی تھی۔ تاکہ تمہارا ایمان اِنسانی حِکمت پر نہیں بَلکہ خُدا کی قُدرت پر مَبنی ہو۔ پھر بھی ہم اُن سے جو رُوحانی طور پر بالغ ہیں حِکمت کی باتیں کہتے ہیں۔ لیکن وہ اِس جہان کی حِکمت نہیں ہے اَور نہ ہی اِس جہان کے حُکاّم کا جو نِیست ہوتے جا رہے ہیں۔ بَلکہ ہم خُدا کی حِکمت کے اُس راز کو ظاہر کرتے ہیں، جو پوشیدہ رکھا گیا تھا اَور جسے خُدا نے دُنیا کے آغاز سے پہلے ہی ہمارے جلال کے واسطے مُقرّر کر دیا تھا۔ اِس جہان کے حُکاّم میں سے کسی نے بھی اِس حِکمت کو نہ جانا۔ اگر جان لیتے تو جلالی خُداوؔند کو مصلُوب نہ کرتے۔ مگر کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”جو نہ تو کسی آنکھ نے دیکھا، نہ کسی کان نے سُنا، نہ کسی اِنسان کے دل میں آیا“ اُسے خُدا نے اُن کے لیٔے تیّار کیا ہے جو اُس سے مَحَبّت رکھتے ہیں۔ لیکن ہم پر اَپنے پاک رُوح کے وسیلہ سے ظاہر کیا، کیونکہ پاک رُوح سَب باتیں، یہاں تک کہ خُدا کی گہری باتوں کو بھی آزماتا ہے۔ کون شخص کسی دُوسرے کے دل کی باتیں جان سَکتا ہے سِوائے اُس کی اَپنی رُوح کے جو اُس کے اَندر ہے؟ اِسی طرح خُدا کے پاک رُوح کے سِوا کویٔی دل کی باتیں نہیں جان سَکتا۔ ہم نے اِس دُنیا کی رُوح نہیں پائی، بَلکہ خُدا کا پاک رُوح پایا ہے، تاکہ ہم اُن نِعمتوں کو سمجھ سکیں جو ہمیں خُدا کی طرف سے بخشی گئی ہیں۔ ہم یہ باتیں اُن الفاظ میں بَیان نہیں کرتے، جو اِنسانی حِکمت کے سِکھائے ہویٔے ہوں بَلکہ پاک رُوح کے سِکھائے ہویٔے الفاظ بَیان کرتے ہیں، گویا رُوحانی باتوں کے لیٔے رُوحانی الفاظ اِستعمال کرتے ہیں۔ جِس میں خُدا کا پاک رُوح نہیں وہ خُدا کی باتیں قبُول نہیں کرتا کیونکہ وہ اُس کے نَزدیک بےوقُوفی کی نَفسانی باتیں ہیں، اَور نہ ہی اُنہیں سمجھ سَکتا ہے کیونکہ وہ صِرف پاک رُوح کے ذریعہ سَمجھی جا سکتی ہیں۔ لیکن جِس میں خُدا کا پاک رُوح ہے وہ سَب کچھ پرکھ لیتا ہے، مگر وہ خُود پرکھا نہیں جاتا، کیونکہ جَیسا کہ صحیفہ میں لِکھّا ہے، ”کِس نے خُداوؔند کی عقل کو سمجھا کہ اُنہیں تعلیم دے سکے؟“ لیکن ہمارے دماغ میں المسیؔح کی عقل ہے۔

پڑھیں 1 کُرِنتھِیوں 2