اَے بے حیا قَوم جمع ہو! جمع ہو! اِس سے پہلے کہ تقدِیرِ الٰہی ظاہِر ہو اور وہ دِن بُھس کی مانِند جاتا رہے اور خُداوند کا قہرِ شدِید تُم پر نازِل ہو اور اُس کے غضب کا دِن تُم پر آ پُہنچے۔ اَے مُلک کے سب حلِیم لوگو جو خُداوند کے احکام پر چلتے ہو اُس کے طالِب ہو! راست بازی کو ڈُھونڈو۔ فروتنی کی تلاش کرو۔ شاید خُداوند کے غضب کے دِن تُم کو پناہ مِلے۔ کیونکہ غزّہ مترُوک ہو گا اور اسقلوؔن وِیران کِیا جائے گا اور اشدُود دوپہر کو خارِج کر دِیا جائے گا اور عقرُوؔن کی بیخ کنی کی جائے گی۔ سمُندر کے ساحِل کے رہنے والوں یعنی کریتیوں کی قَوم پر افسوس! اَے کنعاؔن فلِستِیوں کی سرزمِین! خُداوند کا کلام تیرے خِلاف ہے۔ مَیں تُجھے نیست و نابُود کرُوں گا یہاں تک کہ کوئی بسنے والا نہ رہے۔ اور سمُندر کے ساحِل چراگاہیں ہوں گے جِن میں چرواہوں کی جھونپڑیاں اور بھیڑ خانے ہوں گے۔ اور وُہی ساحِل یہُوداؔہ کے گھرانے کے بقِیّہ کے لِئے ہوں گے۔ وہ اُن میں چرایا کریں گے۔ وہ شام کے وقت اسقلوؔن کے مکانوں میں لیٹا کریں گے کیونکہ خُداوند اُن کا خُدا اُن پر پِھر نظر کرے گا اور اُن کی اسِیری کو مَوقُوف کرے گا۔ مَیں نے موآب کی ملامت اور بنی عمُّون کی لَعن طَعن سُنی ہے۔ اُنہوں نے میری قَوم کو ملامت کی اور اُن کی حدُود کو دبا لِیا ہے۔ اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا فرماتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم! یقِیناً موآب سدُوؔم کی مانِند ہو گا اور بنی عمُّون عمُورؔہ کی مانِند۔ وہ پُرخار و نمکزار اور ابدُالآباد برباد رہیں گے۔ میرے لوگوں کا بقِیّہ اُن کو غارت کرے گا اور میری قَوم کے باقی لوگ اُن کے وارِث ہوں گے۔ یہ سب کُچھ اُن کے تکبُّر کے سبب سے اُن پر آئے گا کیونکہ اُنہوں نے ربُّ الافواج کے لوگوں کو ملامت کی اور اُن پر زِیادتی کی۔ خُداوند اُن کے لِئے ہَیبت ناک ہو گا اور زمِین کے تمام معبُودوں کو لاغر کر دے گا اور بحری مُمالِک کے سب باشِندے اپنی اپنی جگہ میں اُس کی پرستِش کریں گے۔ اَے کُوؔش کے باشِندو! تُم بھی میری تلوار سے مارے جاؤ گے۔ اور وہ شِمال کی طرف اپنا ہاتھ بڑھائے گا اور اؔسُور کو نیست کرے گا اور نِینوؔہ کو وِیران اور بیابان کی مانِند خُشک کر دے گا۔ اور جنگلی جانور اُس میں لیٹیں گے اور ہر قِسم کے حَیوان حواصِل اور خارپُشت اُس کے سُتُونوں کے سِروں پر مقام کریں گے۔ اُن کی آواز اُس کے جھروکوں میں ہو گی۔ اُس کی دہلِیزوں میں وِیرانی ہو گی کیونکہ دیودار کا کام کُھلا چھوڑا گیا ہے۔ یہ وہ شادمان شہر ہے جو بے فِکر تھا۔ جِس نے دِل میں کہا کہ مَیں ہُوں اور میرے سِوا کوئی دُوسرا نہیں۔ وہ کَیسا وِیران ہُؤا! حَیوانوں کے بَیٹھنے کی جگہ! ہر ایک جو اُدھر سے گُذرے گا سُسکارے گا اور ہاتھ ہِلائے گا۔
پڑھیں صفنیاہ 2
سنیں صفنیاہ 2
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: صفنیاہ 1:2-15
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos