غزلُ الغزلات 2:5-16

غزلُ الغزلات 2:5-16 URD

مَیں سوتی ہُوں پر میرا دِل جاگتا ہے۔ میرے محبُوب کی آواز ہے جو کھٹکھٹاتا اور کہتا ہے میرے لِئے دروازہ کھول میری محبُوبہ! میری پِیاری! میری کبُوتری! میری پاکِیزہ! کیونکہ میرا سر شبنم سے تر ہے۔ اور میری زُلفیں رات کی بُوندوں سے بھری ہیں۔ مَیں تو کپڑے اُتار چُکی اِب پِھر کَیسے پہنُوں؟ مَیں تو اپنے پاؤں دھو چُکی اب اُن کو کیوں مَیلا کرُوں؟ میرے محبُوب نے اپنا ہاتھ سُوراخ سے اندر کِیا اور میرے دِل و جِگر میں اُس کے لِئے جُنبِش ہُوئی۔ مَیں اپنے محبُوب کے لِئے دروازہ کھولنے کو اُٹھی اور میرے ہاتھوں سے مُر ٹپکا اور میری اُنگلِیوں سے رقِیق مُر ٹپکا اور قُفل کے دستوں پر پڑا۔ مَیں نے اپنے محبُوب کے لِئے دروازہ کھولا لیکن میرا محبُوب مُڑ کر چلا گیا تھا۔ جب وہ بولا تو مَیں بے حواس ہو گئی۔ مَیں نے اُسے ڈھُونڈا پر نہ پایا۔ مَیں نے اُسے پُکارا پر اُس نے مُجھے کُچھ جواب نہ دِیا۔ پہرے والے جو شہر میں پِھرتے ہیں مُجھے مِلے۔ اُنہوں نے مُجھے مارا اور گھایل کِیا۔ شہر پناہ کے مُحافِظوں نے میری چادر مُجھ سے چِھین لی۔ اَے یروشلِیم کی بیٹِیو! مَیں تُم کو قَسم دیتی ہُوں کہ اگر میرا محبُوب تُم کو مِل جائے تو اُس سے کہہ دینا کہ مَیں عِشق کی بِیمار ہُوں۔ تیرے محبُوب کو کِسی دُوسرے محبُوب پر کیا فضِیلت ہے؟ اَے عَورتوں میں سب سے جمیِلہ! تیرے محبُوب کو کِسی دُوسرے محبُوب پر کیا فَوقِیت ہے جو تُو ہم کو اِس طرح قَسم دیتی ہے؟ میرا محبُوب سُرخ و سفید ہے۔ وہ دس ہزار میں مُمتاز ہے۔ اُس کا سر خالِص سونا ہے۔ اُس کی زُلفیں پیچ در پیچ اور کوّے سی کالی ہیں۔ اُس کی آنکھیں اُن کبُوتروں کی مانِند ہیں جو دُودھ میں نہا کر لبِ دریا تمکنت سے بَیٹھے ہوں۔ اُس کے رُخسار پُھولوں کے چمن اور بلسان کی اُبھری ہُوئی کِیارِیاں ہیں۔ اُس کے ہونٹ سوسن ہیں جِن سے رقِیق مُر ٹپکتا ہے۔ اُس کے ہاتھ زبرجد سے مُرصّع سونے کے حلقے ہیں۔ اُس کا پیٹ ہاتھی دانت کا کام ہے جِس پر نِیلم کے پُھول بنے ہوں۔ اُس کی ٹانگیں کُندن کے پایوں پر سنگِ مرمر کے سُتُون ہیں۔ وہ دیکھنے میں لُبناؔن اور خُوبی میں رشکِ سرو ہے۔ اُس کا مُنہ از بس شِیرِین ہے۔ ہاں وہ سراپا عِشق انگیز ہے۔ اَے یروشلِیم کی بیٹیو! یہ ہے میرا محبُوب۔ یہ ہے میرا پِیارا۔