YouVersion Logo
تلاش

رُومِیوں 1:10-21

رُومِیوں 1:10-21 URD

اَے بھائِیو! میرے دِل کی آرزُو اور اُن کے لِئے خُدا سے میری دُعا یہ ہے کہ وہ نجات پائیں۔ کیونکہ مَیں اُن کا گواہ ہُوں کہ وہ خُدا کے بارے میں غَیرت تو رکھتے ہیں مگر سَمجھ کے ساتھ نہیں۔ اِس لِئے کہ وہ خُدا کی راست بازی سے ناواقِف ہو کر اور اپنی راست بازی قائِم کرنے کی کوشِش کر کے خُدا کی راست بازی کے تابِع نہ ہُوئے۔ کیونکہ ہر ایک اِیمان لانے والے کی راست بازی کے لِئے مسِیح شرِیعت کا انجام ہے۔ چُنانچہ مُوسیٰ نے یہ لِکھا ہے کہ جو شخص اُس راست بازی پر عمل کرتا ہے جو شرِیعت سے ہے وہ اُسی کی وجہ سے زِندہ رہے گا۔ مگر جو راست بازی اِیمان سے ہے وہ یُوں کہتی ہے کہ تُو اپنے دِل میں یہ نہ کہہ کہ آسمان پر کَون چڑھے گا؟ (یعنی مسِیح کے اُتار لانے کو)۔ یا گہراؤ میں کَون اُترے گا؟ (یعنی مسِیح کو مُردوں میں سے جِلا کر اُوپر لانے کو)۔ بلکہ کیا کہتی ہے؟ یہ کہ کلام تیرے نزدِیک ہے بلکہ تیرے مُنہ اور تیرے دِل میں ہے۔ یہ وُہی اِیمان کا کلام ہے جِس کی ہم مُنادی کرتے ہیں۔ کہ اگر تُو اپنی زُبان سے یِسُوعؔ کے خُداوند ہونے کا اِقرار کرے اور اپنے دِل سے اِیمان لائے کہ خُدا نے اُسے مُردوں میں سے جِلایا تو نجات پائے گا۔ کیونکہ راست بازی کے لِئے اِیمان لانا دِل سے ہوتا ہے اور نجات کے لِئے اِقرار مُنہ سے کِیا جاتا ہے۔ چُنانچہ کِتابِ مُقدّس یہ کہتی ہے کہ جو کوئی اُس پر اِیمان لائے گا وہ شرمِندہ نہ ہو گا۔ کیونکہ یہُودِیوں اور یُونانیوں میں کُچھ فرق نہیں اِس لِئے کہ وُہی سب کا خُداوند ہے اور اپنے سب دُعا کرنے والوں کے لِئے فیّاض ہے۔ کیونکہ جو کوئی خُداوند کا نام لے گا نجات پائے گا۔ مگر جِس پر وہ اِیمان نہیں لائے اُس سے کیوں کر دُعا کریں؟ اور جِس کا ذِکر اُنہوں نے سُنا نہیں اُس پر اِیمان کیونکر لائیں؟ اور بغَیر مُنادی کرنے والے کے کیوں کر سُنیں؟ اور جب تک وہ بھیجے نہ جائیں مُنادی کیوں کر کریں؟ چُنانچہ لِکھا ہے کہ کیا ہی خُوش نُماہیں اُن کے قدم جو اچّھی چِیزوں کی خُوشخبری دیتے ہیں۔ لیکن سب نے اِس خُوشخبری پر کان نہ دھرا۔ چُنانچہ یسعیاہ کہتا ہے کہ اَے خُداوند ہمارے پَیغام کا کِس نے یقِین کِیا ہے؟ پس اِیمان سُننے سے پَیدا ہوتا ہے اور سُننا مسِیح کے کلام سے۔ لیکن مَیں کہتا ہُوں کیا اُنہوں نے نہیں سُنا؟ بیشک سُنا چُنانچہ لِکھا ہے کہ اُن کی آواز تمام رُویِ زمِین پر اور اُن کی باتیں دُنیا کی اِنتِہا تک پُہنچِیں۔ پِھر مَیں کہتا ہُوں کیا اِسرائیلؔ واقِف نہ تھا؟ اوّل تو مُوسیٰ کہتا ہے کہ مَیں اُن سے تُم کو غَیرت دِلاؤُں گا جو قَوم ہی نہیں۔ ایک نادان قَوم سے تُم کو غُصّہ دِلاؤُں گا۔ پِھر یسعیاہ بڑا دِلیر ہو کر یہ کہتا ہے کہ جِنہوں نے مُجھے نہیں ڈُھونڈا اُنہوں نے مُجھے پا لِیا۔ جِنہوں نے مُجھ سے نہیں پُوچھا اُن پر مَیں ظاہِر ہو گیا۔ لیکن اِسرائیلؔ کے حق میں یُوں کہتا ہے کہ مَیں دِن بھر ایک نافرمان اور حُجّتی اُمّت کی طرف اپنے ہاتھ بڑھائے رہا۔