زبُور 56:78-72

زبُور 56:78-72 URD

تَو بھی اُنہوں نے خُدا تعالیٰ کو آزمایا اور اُس سے سرکشی کی اور اُس کی شہادتوں کو نہ مانا بلکہ برگشتہ ہو کر اپنے باپ دادا کی طرح بے وفائی کی اور دھوکا دینے والی کمان کی طرح ایک طرف کو جُھک گئے۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنے اُونچے مقاموں کے باعِث اُس کا قہر بھڑکایا اور اپنی کھودی ہُوئی مُورتوں سے اُسے غَیرت دِلائی۔ خُدا یہ سُن کر غضب ناک ہُؤا اور اِسرائیل سے سخت نفرت کی۔ سو اُس نے سَیلا کے مسکن کو ترک کر دِیا یعنی اُس خَیمہ کو جو بنی آدمؔ کے درمیان کھڑا کِیا تھا اور اُس نے اپنی قُوّت کو اسِیری میں اور اپنی حشمت کو مُخالِف کے ہاتھ میں دے دِیا۔ اُس نے اپنے لوگوں کو تلوار کے حوالہ کر دِیا اور وہ اپنی مِیراث سے غضب ناک ہو گیا۔ آگ اُن کے جوانوں کو کھا گئی اور اُن کی کُنواریوں کے سُہاگ نہ گائے گئے۔ اُن کے کاہِن تلوار سے مارے گئے اور اُن کی بیواؤں نے نَوحہ نہ کِیا۔ تب خُداوند گویا نِیند سے جاگ اُٹھا۔ اُس زبردست آدمی کی طرح جو مَے کے سبب سے للکارتا ہو اور اُس نے اپنے مُخالِفوں کو مار کر پسپا کر دِیا۔ اُس نے اُن کو ہمیشہ کے لِئے رُسوا کِیا۔ اور اُس نے یُوسفؔ کے خَیمہ کو چھوڑ دِیا اور اِفرائِیم کے قبِیلہ کو نہ چُنا۔ بلکہ یہُوداؔہ کے قبِیلہ کو چُنا۔ اُسی کوہِ صِیُّون کو جِس سے اُس کو مُحبّت تھی اور اپنے مَقدِس کو پہاڑوں کی مانِند تعمِیر کِیا اور زمِین کی مانِند جِسے اُس نے ہمیشہ کے لِئے قائِم کِیا ہے اُس نے اپنے بندہ داؤُد کو بھی چُنا اور بھیڑسالوں میں سے اُسے لے لِیا۔ وہ اُسے بچّے والی بھیڑوں کی چَوپانی سے ہٹا لایا تاکہ اُس کی قَوم یعقُوب اور اُس کی مِیراث اِسرائیل کی گلّہ بانی کرے۔ سو اُس نے خلُوصِ دِل سے اُن کی پاسبانی کی اور اپنے ماہِر ہاتھوں سے اُن کی راہنُمائی کرتا رہا۔