اَے خُدا! مُجھ کو بچا لے۔ کیونکہ پانی میری جان تک آ پُہنچا ہے۔ مَیں گہری دلدل میں دھسا جاتا ہُوں جہاں کھڑا نہیں رہا جاتا۔ مَیں گہرے پانی میں آ پڑا ہُوں جہاں سَیلاب میرے سر پر سے گُذرتے ہیں۔ مَیں چِلّاتے چِلّاتے تھک گیا۔ میرا گلا سُوکھ گیا۔ میری آنکھیں اپنے خُدا کے اِنتظار میں پتھرا گئِیں۔ مُجھ سے بے سبب عداوت رکھنے والے میرے سر کے بالوں سے زِیادہ ہیں۔ میری ہلاکت کے خواہاں اور ناحق دُشمن زبردست ہیں پس جو مَیں نے چِھینا نہیں مُجھے دینا پڑا۔ اَے خُدا! تُو میری حماقت سے واقِف ہے اور میرے گُناہ تُجھ سے پوشِیدہ نہیں ہیں۔ اَے خُداوند لشکروں کے خُدا! تیری آس رکھنے والے میرے سبب سے شرمِندہ نہ ہوں۔ اَے اِسرائیل کے خُدا! تیرے طالِب میرے سبب سے رُسوا نہ ہوں۔ کیونکہ تیرے نام کی خاطِر مَیں نے ملامت اُٹھائی ہے۔ شرمِندگی میرے مُنہ پر چھا گئی ہے۔ مَیں اپنے بھائیوں کے نزدِیک بیگانہ بنا ہُوں اور اپنی ماں کے فرزندوں کے نزدِیک اجنبی کیونکہ تیرے گھر کی غَیرت مُجھے کھا گئی اور تُجھ کو ملامت کرنے والوں کی ملامتیں مُجھ پر آ پڑیں۔ میرے روزہ رکھنے سے میری جان نے زاری کی اور یہ بھی میری ملامت کا باعِث ہُؤا۔ جب مَیں نے ٹاٹ اوڑھا تُو اُن کے لِئے ضربُ المثل ٹھہرا۔ پھاٹک پر بَیٹھنے والوں میں میرا ہی ذِکر رہتا ہے اور مَیں نشہ بازوں کا گِیت ہُوں۔ لیکن اَے خُداوند تیری خُوشنُودی کے وقت میری دُعا تُجھ ہی سے ہے۔ اَے خُدا! اپنی شفقت کی فراوانی سے اپنی نجات کی سچّائی میں جواب دے۔ مُجھے دلدل میں سے نِکال لے اور دھسنے نہ دے۔ مُجھ سے عداوت رکھنے والوں اور گہرے پانی سے مُجھے بچا لے۔ مَیں سَیلاب میں ڈُوب نہ جاؤُں اور گہراؤ مُجھے نِگل نہ جائے اور پاتال مُجھ پر اپنا مُنہ بند نہ کر لے۔
پڑھیں زبُور 69
سنیں زبُور 69
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: زبُور 1:69-15
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos