YouVersion Logo
تلاش

زبُور 1:40-17

زبُور 1:40-17 URD

مَیں نے صبر سے خُداوند پر آس رکھّی۔ اُس نے میری طرف مائِل ہو کر میری فریاد سُنی۔ اُس نے مُجھے ہولناک گڑھے اور دلدل کی کِیچڑ میں سے نِکالا اور اُس نے میرے پاؤں چٹان پر رکھّے اور میری روِش قائِم کی اُس نے ہمارے خُدا کی سِتایش کا نیا گِیت میرے مُنہ میں ڈالا۔ بہتیرے دیکھیں گے اور ڈریں گے اور خُداوند پر توکُّل کریں گے۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو خُداوند پر توکُّل کرتا ہے اور مغرُوروں اور دروغ دوستوں کی طرف مائِل نہیں ہوتا۔ اَے خُداوند میرے خُدا! جو عجِیب کام تُو نے کِئے اور تیرے خیال جو ہماری طرف ہیں وہ بُہت سے ہیں۔ مَیں اُن کو تیرے حضُور ترتِیب نہیں دے سکتا۔ اگر مَیں اُن کا ذِکر اور بیان کرنا چاہُوں۔ تو وہ شُمار سے باہر ہیں۔ قُربانی اور نذر کو تُو پسند نہیں کرتا۔ تُو نے میرے کان کھول دِیئے ہیں۔ سوختنی قُربانی اور خطا کی قُربانی تُو نے طلب نہیں کی۔ تب مَیں نے کہا دیکھ! مَیں آیا ہُوں۔ کِتاب کے طُومار میں میری بابت لِکھا ہے۔ اَے میرے خُدا! میری خُوشی تیری مرضی پُوری کرنے میں ہے بلکہ تیری شرِیعت میرے دِل میں ہے۔ مَیں نے بڑے مجمع میں صداقت کی بشارت دی ہے۔ دیکھ! مَیں اپنا مُنہ بند نہیں کرُوں گا۔ اَے خُداوند! تُو جانتا ہے۔ مَیں نے تیری صداقت اپنے دِل میں چِھپا نہیں رکھّی۔ مَیں نے تیری وفاداری اور نجات کا اِظہار کِیا ہے۔ مَیں نے تیری شفقت اور سچّائی بڑے مجمع سے نہیں چِھپائی۔ اَے خُداوند! تُو مُجھ پر رحم کرنے میں دریغ نہ کر۔ تیری شفقت اور سچّائی برابر میری حِفاظت کریں۔ کیونکہ بے شُمار بُرائیوں نے مُجھے گھیر لِیا ہے۔ میری بدی نے مُجھے آ پکڑا ہے۔ اَیسا کہ مَیں آنکھ نہیں اُٹھا سکتا۔ وہ میرے سر کے بالوں سے بھی زِیادہ ہیں۔ سو میرا جی چُھوٹ گیا۔ اَے خُداوند! مِہربانی کر کے مُجھے چُھڑا۔ اَے خُداوند! میری مدد کے لِئے جلدی کر۔ جو میری جان کو ہلاک کرنے کے درپَے ہیں وہ سب شرمِندہ اور خِجل ہوں۔ جو میرے نُقصان سے خُوش ہیں وہ پسپا اور رُسوا ہوں۔ جو مُجھ پر اہا ہاہا کرتے ہیں وہ اپنی رُسوائی کے سبب سے تباہ ہو جائیں۔ تیرے سب طالِب تُجھ میں خُوش و خُرّم ہوں۔ تیری نجات کے عاشِق ہمیشہ کہا کریں خُداوند کی تمجِید ہو! پر مَیں مِسکِین اور مُحتاج ہُوں۔ خُداوند میری فِکر کرتا ہے۔ میرا مددگار اور چُھڑانے والا تُو ہی ہے۔ اَے میرے خُدا! دیر نہ کر۔

پڑھیں زبُور 40

سنیں زبُور 40