YouVersion Logo
تلاش

زبُور 1:35-16

زبُور 1:35-16 URD

اَے خُداوند! جو مُجھ سے جھگڑتے ہیں تُو اُن سے جھگڑ۔ جو مُجھ سے لڑتے ہیں تُو اُن سے لڑ۔ ڈھال اور سِپر لے کر میری کُمک کے لِئے کھڑا ہو۔ بھالا بھی نِکال اور میرا پِیچھا کرنے والوں کا راستہ بند کر دے۔ میری جان سے کہہ مَیں تیری نجات ہُوں۔ جو میری جان کے خواہاں ہیں وہ شرمِندہ اور رُسوا ہوں۔ جو میرے نُقصان کا منصُوبہ باندھتے ہیں وہ پسپا اور پریشان ہوں۔ وہ اَیسے ہو جائیں جَیسے ہوا کے آگے بُھوسا اور خُداوند کا فرِشتہ اُن کو ہانکتا رہے۔ اُن کی راہ اندھیری اور پِھسلنی ہو جائے۔ اور خُداوند کا فرِشتہ اُن کو رگیدتا جائے۔ کیونکہ اُنہوں نے بے سبب میرے لِئے گڑھے میں جال بِچھایا اور ناحق میری جان کے لِئے گڑھا کھودا ہے۔ اُس پر ناگہان تباہی آ پڑے اور جِس جال کو اُس نے بِچھایا ہے اُس میں آپ ہی پھنسے اور اُسی ہلاکت میں گرِفتار ہو۔ لیکن میری جان خُداوند میں خُوش رہے گی اور اُس کی نجات سے شادمان ہو گی۔ میری سب ہڈِّیاں کہیں گی اَے خُداوند! تُجھ سا کَون ہے جو غرِیب کو اُس کے ہاتھ سے جو اُس سے زورآور ہے اور مسکِین و مُحتاج کو غارت گر سے چُھڑاتا ہے؟ جُھوٹے گواہ اُٹھتے ہیں اور جو باتیں مَیں نہیں جانتا وہ مُجھ سے پُوچھتے ہیں۔ وہ مُجھ سے نیکی کے بدلے بدی کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ میری جان بیکس ہو جاتی ہے۔ لیکن مَیں نے تو اُن کی بِیماری میں جب وہ بِیمار تھے ٹاٹ اوڑھا اور روزے رکھ رکھ کر اپنی جان کو دُکھ دِیا اور میری دُعا میرے ہی سِینہ میں واپس آئی۔ مَیں نے تو اَیسا کِیا گویا وہ میرا دوست یا میرا بھائی تھا۔ مَیں نے سر جُھکا کر غم کِیا جَیسے کوئی اپنی ماں کے لِئے ماتم کرتا ہو۔ پر جب مَیں لنگڑانے لگا تو وہ خُوش ہو کر اِکٹّھے ہو گئے۔ کمِینے میرے خِلاف اِکٹّھے ہُوئے اور مُجھے معلُوم نہ تھا۔ اُنہوں نے مُجھے پھاڑا اور باز نہ آئے۔ ضِیافتوں کے بدتمِیز مسخروں کی طرح اُنہوں نے مُجھ پر دانت پِیسے۔

پڑھیں زبُور 35

سنیں زبُور 35