YouVersion Logo
تلاش

زبُور 1:32-11

زبُور 1:32-11 URD

مُبارک ہے وہ جِس کی خطا بخشی گئی اور جِس کا گُناہ ڈھانکا گیا۔ مُبارک ہے وہ آدمی جِس کی بدکاری کو خُداوند حِساب میں نہیں لاتا اور جِس کے دِل میں مکر نہیں۔ جب مَیں خاموش رہا تو دِن بھر کے کراہنے سے میری ہڈّیاں گُھل گئِیں۔ کیونکہ تیرا ہاتھ رات دِن مُجھ پر بھاری تھا میری تراوت گرمیوں کی خُشکی سے بدل گئی۔ (سِلاہ) مَیں نے تیرے حضُور اپنے گُناہ کو مان لِیا اور اپنی بدکاری کو نہ چِھپایا۔ مَیں نے کہا مَیں خُداوند کے حضُور اپنی خطاؤں کا اِقرار کرُوں گا اور تُو نے میرے گُناہ کی بدی کو مُعاف کِیا۔ (سِلاہ) اِسی لِئے ہر دِین دار تُجھ سے اَیسے وقت میں دُعا کرے جب تُو مِل سکتا ہے۔ یقینا جب سَیلاب آئے تو اُس تک نہیں پُہنچے گا۔ تُو میرے چِھپنے کی جگہ ہے۔ تُو مُجھے دُکھ سے بچائے رکھّے گا۔ تُو مُجھے رہائی کے نغموں سے گھیر لے گا۔ (سِلاہ) مَیں تُجھے تعلِیم دُوں گا اور جِس راہ پر تُجھے چلنا ہو گا تُجھے بتاؤُں گا۔ مَیں تُجھے صلاح دُوں گا۔ میری نظر تُجھ پر ہو گی۔ تُم گھوڑے یا خچّر کی مانِند نہ بنو جِن میں سمجھ نہیں۔ جِن کو قابُو میں رکھنے کا ساز دہانہ اور لگام ہے ورنہ وہ تیرے پاس آنے کے بھی نہیں۔ شرِیر پر بُہت سی مُصِیبتیں آئیں گی پر جِس کا توکُّل خُداوند پر ہے رحمت اُسے گھیرے رہے گی۔ اَے صادِقو! خُداوند میں خُوش و خُرَّم رہو اور اَے راست دِلو! خُوشی سے للکارو۔

پڑھیں زبُور 32

سنیں زبُور 32