زبُور 1:31-8

زبُور 1:31-8 URD

اَے خُداوند! میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔ مُجھے کبھی شرمِندہ نہ ہونے دے۔ اپنی صداقت کی خاطِر مُجھے رہائی دے۔ اپنا کان میری طرف جُھکا۔ جلد مُجھے چُھڑا۔ تُو میرے لِئے مضبُوط چٹان میرے بچانے کو پناہ گاہ ہو۔ کیونکہ تُو ہی میری چٹان اور میرا قلعہ ہے۔ اِس لِئے اپنے نام کی خاطِر میری رہبری اور رہنُمائی کر۔ مُجھے اُس جال سے نِکال لے جو اُنہوں نے چِھپ کر میرے لِئے بچھایا ہے کیونکہ تُو ہی میرا مُحکم قلعہ ہے۔ مَیں اپنی رُوح تیرے ہاتھ میں سَونپتا ہُوں۔ اَے خُداوند! سچّائی کے خُدا! تُو نے میرا فِدیہ دِیا ہے۔ مُجھے اُن سے نفرت ہے جو جُھوٹے معبُودوں کو مانتے ہیں۔ میرا توکُّل تو خُداوند ہی پر ہے۔ مَیں تیری رحمت سے خُوش و خُرّم رہُوں گا کیونکہ تُو نے میرا دُکھ دیکھ لِیا ہے۔ تُو میری جان کی مُصِیبتوں سے واقِف ہے۔ تُو نے مُجھے دُشمن کے ہاتھ میں اسِیر نہیں چھوڑا۔ تُو نے میرے پاؤں کُشادہ جگہ میں رکھّے ہیں۔