YouVersion Logo
تلاش

زبُور 1:145-21

زبُور 1:145-21 URD

اَے میرے خُدا! اَے بادشاہ! مَیں تیری تمجِید کرُوں گا اور ابدُالآباد تیرے نام کو مُبارک کہُوں گا۔ مَیں ہر روز تُجھے مُبارک کہُوں گا اور ابدُالآباد تیرے نام کی سِتایش کرُوں گا۔ خُداوند بزُرگ اور بے حد سِتایش کے لائِق ہے۔ اُس کی بزُرگی اِدراک سے باہر ہے۔ ایک پُشت دُوسری پُشت سے تیرے کاموں کی تعرِیف اور تیری قُدرت کے کاموں کا بیان کرے گی۔ مَیں تیری عظمت کی جلالی شان پر اور تیرے عجائِب پر غَور کرُوں گا اور لوگ تیری قُدرت کے ہَولناک کاموں کا ذِکر کریں گے اور مَیں تیری بزُرگی بیان کرُوں گا۔ وہ تیرے بڑے اِحسان کی یادگار کا بیان کریں گے اور تیری صداقت کا گِیت گائیں گے۔ خُداوند رحِیم و کرِیم ہے۔ وہ قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی ہے۔ خُداوند سب پر مہربان ہے اور اُس کی رحمت اُس کی ساری مخلُوق پر ہے۔ اَے خُداوند! تیری ساری مخلُوق تیرا شُکر کرے گی اور تیرے مُقدّس تُجھے مُبارک کہیں گے۔ وہ تیری سلطنت کے جلال کا بیان اور تیری قُدرت کا چرچا کریں گے۔ تاکہ بنی آدمؔ پر اُس کی قُدرت کے کاموں کو اور اُس کی سلطنت کے جلال کی شان کو ظاہِر کریں۔ تیری سلطنت ابدی سلطنت ہے اور تیری حُکُومت پُشت در پُشت۔ خُداوند گِرتے ہُوئے کو سنبھالتا اور جُھکے ہُوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔ سب کی آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں۔ تُو اُن کو وقت پر اُن کی خُوراک دیتا ہے۔ تُو اپنی مُٹھّی کھولتا ہے اور ہر جاندار کی خواہش پُوری کرتا ہے۔ خُداوند اپنی سب راہوں میں صادِق اور اپنے سب کاموں میں رحِیم ہے۔ خُداوند اُن سب کے قرِیب ہے جو اُس سے دُعا کرتے ہیں۔ یعنی اُن سب کے جو سچّائی سے دُعا کرتے ہیں۔ جو اُس سے ڈرتے ہیں وہ اُن کی مُراد پُوری کرے گا۔ وہ اُن کی فریاد سُنے گا اور اُن کو بچا لے گا۔ خُداوند اپنے سب مُحبّت رکھنے والوں کی حِفاظت کرے گا لیکن سب شرِیروں کو ہلاک کر ڈالے گا۔ میرے مُنہ سے خُداوند کی سِتایش ہو گی اور ہر بشر اُس کے پاک نام کو ابدُالآباد مُبارک کہے۔

پڑھیں زبُور 145

سنیں زبُور 145