(کاف) میری جان تیری نجات کے لِئے بے تاب ہے لیکن مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔ تیرے کلام کے اِنتظار میں میری آنکھیں رہ گئِیں۔ مَیں یہی کہتا رہا کہ تُو مُجھے کب تسلّی دے گا؟ مَیں اُس مشکِیزہ کی مانِند ہو گیا جو دُھوئیں میں ہو تَو بھی مَیں تیرے آئِین کو نہیں بُھولتا۔ تیرے بندہ کے دِن ہی کِتنے ہیں؟ تُو میرے ستانے والوں پر کب فتویٰ دے گا؟ مغرُوروں نے جو تیری شرِیعت کے پَیرو نہیں میرے لِئے گڑھے کھودے ہیں۔ تیرے سب فرمان برحق ہیں۔ وہ ناحق مُجھے ستاتے ہیں۔ تُو میری مدد کر۔ اُنہوں نے مُجھے زمِین پر سے فنا کر ہی ڈالا تھا لیکن مَیں نے تیرے قوانِین کو ترک نہ کِیا۔ تُو مُجھے اپنی شفقت کے مُطابِق زِندہ کر تو مَیں تیرے مُنہ کی شہادت کو مانُوں گا۔ (لامد) اَے خُداوند! تیرا کلام آسمان پر ابد تک قائِم ہے۔ تیری وفاداری پُشت در پُشت ہے۔ تُو نے زمِین کو قِیام بخشا اور وہ قائِم ہے۔ وہ آج تیرے احکام کے مُطابِق قائِم ہیں کیونکہ سب چِیزیں تیری خِدمت گُذار ہیں۔ اگر تیری شرِیعت میری خُوشنُودی نہ ہوتی تو مَیں اپنی مُصِیبت میں ہلاک ہو جاتا۔ مَیں تیرے قوانِین کو کبھی نہ بُھولُوں گا کیونکہ تُو نے اُن ہی کے وسِیلہ سے مُجھے زِندہ کِیا ہے۔ مَیں تیرا ہی ہُوں۔ مُجھے بچا لے کیونکہ مَیں تیرے قوانِین کا طالِب رہا ہُوں۔ شرِیر مُجھے ہلاک کرنے کو گھات میں لگے رہے لیکن مَیں تیری شہادتوں پر غَور کرُوں گا۔ مَیں نے دیکھا کہ ہر کمال کی اِنتہا ہے لیکن تیرا حُکم نہایت وسِیع ہے۔
پڑھیں زبُور 119
سنیں زبُور 119
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: زبُور 81:119-96
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos