YouVersion Logo
تلاش

زبُور 143:119-176

زبُور 143:119-176 URD

مَیں تکلِیف اور عذاب میں مُبتلا ہُوں تَو بھی تیرے فرمان میری خُوشنُودی ہیں۔ تیری شہادتیں ہمیشہ راست ہیں۔ مُجھے فہم عطا کر تو مَیں زِندہ رہُوں گا (قوف) مَیں پُورے دِل سے دُعا کرتا ہُوں۔ اَے خُداوند! مُجھے جواب دے۔ مَیں تیرے آئِین پر عمل کرُوں گا۔ مَیں نے تُجھ سے دُعا کی ہے۔ مُجھے بچا لے اور مَیں تیری شہادتوں کو مانُوں گا۔ مَیں نے پَو پھٹنے سے پہلے فریاد کی۔ مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔ میری آنکھیں رات کے ہر پہر سے پہلے کُھل گئِیں تاکہ تیرے کلام پر دِھیان کرُوں۔ اپنی شفقت کے مُطابِق میری فریاد سُن۔ اَے خُداوند! اپنے احکام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ جو شرارت کے درپَے رہتے ہیں وہ نزدِیک آ گئے۔ وہ تیری شرِیعت سے دُور ہیں۔ اَے خُداوند! تُو نزدِیک ہے اور تیرے سب فرمان برحق ہیں۔ تیری شہادتوں سے مُجھے قدِیم سے معلُوم ہُؤا کہ تُو نے اُن کو ہمیشہ کے لِئے قائِم کِیا ہے۔ (ریش) میری مُصِیبت کا خیال کر اور مُجھے چُھڑا کیونکہ مَیں تیری شرِیعت کو نہیں بُھولتا۔ میری وکالت کر اور میرا فِدیہ دے۔ اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ نجات شرِیروں سے دُور ہے کیونکہ وہ تیرے آئِین کے طالِب نہیں ہیں۔ اَے خُداوند! تیری رحمت بڑی ہے۔ اپنے احکام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ میرے ستانے والے اور مُخالِف بُہت ہیں تَو بھی مَیں نے تیری شہادتوں سے کنارہ نہ کِیا۔ مَیں دغابازوں کو دیکھ کر ملُول ہُؤا کیونکہ وہ تیرے کلام کو نہیں مانتے۔ خیال فرما کہ مُجھے تیرے قوانِین سے کیسی مُحبّت ہے۔ اَے خُداوند! اپنی شفقت کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ تیرے کلام کا خُلاصہ سچّائی ہے۔ تیری صداقت کے کُل احکام ابدی ہیں۔ (شِین) اُمرا نے مُجھے بے سبب ستایا ہے لیکن میرے دِل میں تیری باتوں کا خَوف ہے۔ مَیں بڑی لُوٹ پانے والے کی مانِند تیرے کلام سے خُوش ہُوں۔ مُجھے جُھوٹ سے نفرت اور کراہِیت ہے لیکن تیری شرِیعت سے مُحبّت ہے۔ مَیں تیری صداقت کے احکام کے سبب سے دِن میں سات بار تیری سِتایش کرتا ہُوں۔ تیری شرِیعت سے مُحبّت رکھنے والے مُطمئن ہیں۔ اُن کے لِئے ٹھوکر کھانے کا کوئی مَوقع نہیں۔ اَے خُداوند! مَیں تیری نجات کا اُمیدوار رہا ہُوں اور تیرے فرمان بجا لایا ہُوں۔ میری جان نے تیری شہادتیں مانی ہیں اور وہ مُجھے نہایت عزِیز ہیں۔ مَیں نے تیرے قوانِین اور شہادتوں کو مانا ہے۔ کیونکہ میری سب روِشیں تیرے سامنے ہیں۔ (تاو) اَے خُداوند! میری فریاد تیرے حضُور پُہنچے۔ اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے فہم عطا کر۔ میری اِلتجا تیرے حضُور پُہنچے اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے چُھڑا۔ میرے لبوں سے تیری سِتایش ہو کیونکہ تُو مُجھے اپنے آئِین سِکھاتا ہے۔ میری زُبان تیرے کلام کا گِیت گائے کیونکہ تیرے سب فرمان برحق ہیں۔ تیرا ہاتھ میری مدد کو تیّار رہے کیونکہ مَیں نے تیرے قوانِین اِختیار کِئے ہیں۔ اَے خُداوند! مَیں تیری نجات کا مُشتاق رہا ہُوں اور تیری شرِیعت میری خُوشنُودی ہے۔ میری جان زِندہ رہے تو وہ تیری سِتایش کرے گی اور تیرے احکام میری مدد کریں۔ مَیں کھوئی ہُوئی بھیڑ کی مانِند بھٹک گیا ہُوں۔ اپنے بندہ کو تلاش کر کیونکہ مَیں تیرے فرمان کو نہیں بُھولتا۔

پڑھیں زبُور 119

سنیں زبُور 119